رینجرز کی 25 پولیس کی 10 آپریشنل ٹیمیں بنائی جائیں گی

کمانڈوز بھی شامل ہونگے، پولیس ٹیموں کی سربراہ ڈی ایس پی لیول کا افسر کرے گا

کمانڈوز بھی شامل ہونگے، پولیس ٹیموں کی سربراہ ڈی ایس پی لیول کا افسر کرے گا۔ فوٹو: فائل

وفاقی کابینہ کی جانب سے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کی منظوری کے بعد پاکستان رینجرز سندھ نے شہر میں دہشت گردوں کے خلاف موثر اور بھرپور کارروائی کے لیے انٹیلی جنس اداروں کی مشاورت کے بعد آپریشنل پلان کو حتمی شکل دے دی ہے ۔

اہم ترین ذرائع نے بتایا کہ کراچی کے تمام علاقوں میں انٹیلی جنس رپورٹس کی روشنی میں رینجرز ٹارگٹڈ آپریشن کرے گی۔اس حوالے سے کراچی کے پانچوں اضلاع میں 25اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں ۔جس میں رینجرز کے کمانڈوز بھی شامل ہوں گے۔ رینجرز کے علاوہ کراچی میں پولیس کی بھی 10آپریشنل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ ان ٹیموں کی سربراہی ڈی ایس پی لیول کا افسر کرے گا ۔ پولیس کی آپریشنل ٹیموں میں سی آئی ڈی ،ایس آئی یو اور پولیس کے ایس ایس جی کمانڈوزشامل کیے جائیں گے ۔باخبر ذرائع نے بتایا کہ آپریشنل ٹیم کی کمانڈ ڈی جی رینجرز کریں گے اور اس ٹیم میں آئی جی سندھ ،ایڈیشنل آئی جی کراچی ،تینوں رینج کے ڈی آئی جیز اور تمام خفیہ اداروں کے اہلکار شامل ہوں گے ۔




اس کمیٹی کی ہدایت پر رینجرز اور پولیس کی خصوصی آپریشنل ٹیمیں انٹیلی جنس رپورٹس پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرے گی ۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ان ٹیموں کو بکتر بند گاڑیوں ،اضافی نفری اور بوقت ضرورت ہیلی کاپٹر کی سہولت بھی میسر ہوں گی ۔

آپریشنل ٹیمیں جن ملزمان کو گرفتار کریں گی ان سے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیمیں تفتیش کریں گی اور اس تفتیش کی روشنی میں ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں فوری مقدمات درج کیے جائیں گے اور ان مقدمات کے چالان فوری طور پر عدالتوں میں پیش کئے جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشنل ٹیموں کی کمانڈ ڈی جی رینجرز کی نگرانی میں قائم کمیٹی کرے گی جبکہ یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر وزیر اعلیٰ سندھ کی نگرانی میں قائم کمیٹی کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی لسٹیں تیار کرلی گئی ہیں اور گرین سگنل ملتے ہی کارروائی کا آغازکردیا جائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story