سیمنٹ کی فروخت گزشتہ 2ماہ میں5 فیصد کم ہو گئی

جولائی اور اگست میں برآمدات1.97فیصدکی کمی سے 1.426 ملین ٹن رہیں

ملک کے شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ کے کارخانوں کی مقامی کھپت میں قدرے اضافہ ہوا۔ فوٹو: فائل

رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سیمنٹ کی فروخت میں 5 فیصد کمی ہوئی، اگست 2013 میں مجموعی فروخت2.251 ملین ٹن رہی۔

جبکہ گزشتہ برس اسی مدت میں مجموعی فروخت 2.283 ملین ٹن رہی تھی۔ یہ بات آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے ترجمان نے جمعرات کو جاری بیان میں کہی۔ ترجمان کے مطابق شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ کارخانوں کی برآمدات گزشتہ سال اگست 2012 میں 0.512 ملین ٹن تھیں جو کم ہو کر رواں مالی سال اگست 2013 میں 0.438 ملین ٹن ہو گئیں، ملک کے شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ کے کارخانوں کی مقامی کھپت میں قدرے اضافہ ہوا۔




اگست 2013 میں مقامی فروخت 1.312 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس اسی مدت کے لیے 1.287 ملین ٹن تھی، ملک کے جنوب میں قائم کارخانوں کی مقامی فروخت میں 11.65 فیصد کمی ہوئی جبکہ برآمدات میں 15.48 فیصد اضافہ ہوا، جنوبی علاقے میں قائم کارخانوں کی اگست 2012 میں سیمنٹ کی برآمدات 0.188 ملین ٹن تھی جو اگست 2013 میں بڑھ کر 0.239 ملین ٹن ہو گئی، اسی عرصے میں مقامی فروخت 0.296 ملین ٹن سے کم ہوکر 0.239 ملین ٹن ہوگئی۔

رواں مالی سال کے پہلے 2ماہ میں برآمدات میں مجموعی طور پر 1.97 فیصد کمی ہوئی جو سال 2013-14 کے 2 ماہ میں 1.426ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال 2012-13 کی اسی مدت میں برآمدات 1.455 ملین ٹن تھیں۔ ترجمان کے مطابق حالیہ بجلی کے ٹیرف اور فیول کی قیمتوںمیں اضافے کی وجہ سے پیداواری لاگت اور ٹرانسپورٹیشن لاگت میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے سیمنٹ مینوفیکچررز پر دبائو بڑھ گیا ہے، سیمنٹ انڈسٹری کو توقع ہے کہ مون سون موسم کے اختتام پرتعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث مقامی سیمنٹ کی کھپت میں اضافہ ہو گا۔
Load Next Story