فنی تعلیم کے بغیر معاشرے میں ترقی ناممکن ہےفیصل سبزواری

میمن انڈسٹریل اینڈ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کورنگی میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب

میمن انڈسٹریل اینڈ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کورنگی میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب۔ فوٹو: ایکسپریس

صوبائی وزیر برائے امور نوجوانان فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ موجودہ صدی ٹیکنالوجی کی صدی ہے اور اس صدی میں وہی افراد زیادہ کامیاب ہوں گے جو تعلیم اور تکنیک کے میدان میں آگے ہونگے، یہ بات انھوں نے میمن انڈسٹریل اینڈ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کورنگی میں مختلف کورسز کے9 ویں بیچ کے طلبا کی تقسیم اسناد کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔


انھوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کی معمار ہے، یہ نئی نسل کی ذمے داری ہے کہ وہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کالوہا منوائیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں، فیصل سبزواری کاکہنا تھاکہ فنی تعلیم کے بغیر معاشرے میں ترقی ناممکن ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ پاکستان کی اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں استعمال کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ80بچوں کو محکمہ امور نوجوانان کی جانب سے ''ایم آئی ٹی آئی'' میں تربیت دی جارہی ہے جسے بڑھاکر سیکڑوں میں کردیا جائے گا، اس موقع پر چیئرمین ایم آئی ٹی آئی ایچ ایم شہزاد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، تقریب سے سیکریٹری یوتھ افیئرز شعیب احمد صدیقی ودیگرنے بھی خطاب کیا، بعدازاں صوبائی وزیر نے مختلف کورسز میں اول ،دوم اور سوم آنے والے طلبا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
Load Next Story