میڈیکل وڈینٹل کالجوں اوریونیورسٹیوں میں داخلہ فارم کے اجرا میں تاخیر

ڈاؤ یونیورسٹی 9اورجناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں12 ستمبر سے داخلہ فارم جاری کیے جائیں گے۔

فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ23ستمبر ہوگی،6اکتوبرکوتمام طبی درس گاہوں میں بیک وقت انٹری ٹیسٹ کا انعقادکیاجائے گا،محکمہ صحت

کراچی کے میڈیکل وڈینٹل کالجوں ویونیورسٹیوں میں مقررہ وقت پر داخلہ فارم کا اجرا نہیں کیاجاسکا ، سرکاری میڈیکل کالجوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ داخلہ فارم کے اجرا میں تاخیرکی وجہ بجلی کی عدم فراہمی بتائی گئی۔

ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلہ فارم اب 9ستمبر سے جبکہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں 12ستمبر سے جاری کیے جائیں گے داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ23 ستمبر مقررکی گئی ہے تاہم لیاری میڈیکل کالج انتظامیہ نے داخلہ فارم کے اجرا کے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا،تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ صحت کی یونیفارم داخلہ پالیسی کے تحت کراچی سمیت صوبے کے میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سال برائے 2013,14 میں داخلوں کیلیے6ستمبر سے داخلہ فارم جاری کرنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن ڈاؤیونیورسٹی اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں داخلہ فارم اور کتابچے کی طباعت مقررہ وقت پر نہیں کی جا سکی جس کی وجہ سے ڈاؤ یونیورسٹی میں داخلہ فارم 6 کی بجائے9 ستمبر اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں12ستمبر سے جاری کیے جا ئیں گے۔




ان دونوں یونیورسٹیوںکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے داخلہ فارم کی طباعت میں تاخیر ہورہی ہے، ادھر صوبائی محکمہ صحت کے افسر نے بتایا کہ صوبائی یونیفارم داخلہ پالیسی کے تحت صوبے کے میڈیکل کالجوں میں 6 اکتوبرکوبیک وقت انٹری ٹیسٹ کا انعقادکیاجائے گا، انٹری ٹیسٹ نیشنل ٹیسٹنگ سروسزکے تحت منعقدکیا جائے گا ، کراچی کے ڈاؤ اور سندھ میڈیکل یونیورسٹیوں میں ایم بی بی ایس کے لیے700 ،ڈاکٹر عشرت العباد خان اورل ہیلتھ سائنسز میں بی ڈی ایس میں 100سیٹوں میں داخلے دیے جائیں گے، انٹری ٹیسٹ کیلیے کراچی سمیت اندرون سندھ میں 5 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں،انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان10اکتوبرکوکیاجائے گا، ابتدائی میرٹ فہرست 15 اکتوبرکو آویزاں کی جائے گی جبکہ 16اکتوبر کو اس پر اعتراضات جمع کرائے جا سکیں گے۔

صوبے کے میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں حتمی میریٹ فہرست 20 اکتوبرکوآویزان کردی جائیگی جبکہ یکم نومبر سے نئے تعلیمی سال کا آغاز کردیا جائیگا، جن کالجوں میں امیدوار داخلے لیں گے ان میں کراچی میں ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز350 اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی 350نشستوں پر داخلے دیے جائیں گے جبکہ اندرون سندھ کے میڈیکل کالجوں میں لیاقت یونیورسٹی جامشورو، پیپلز یونیورسٹی فاروومن، شہیدبے نظیر بھٹومیڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ اور غلام محمد مہر میڈیکل کالج شامل ہیں۔
Load Next Story