ساف فٹبال پاکستان سیمی فائنل میں رسائی سے محروم رہ گیا

بنگلہ دیش کو 2-1 سے زیر کرنا کام نہ آیا، بھارت نے نیپال کیخلاف 1-2 سے ہار کے باوجود فائنل فور میں جگہ بنالی۔۔۔

بنگلہ دیش کو 2-1 سے زیر کرنا کام نہ آیا، بھارت نے نیپال کیخلاف 1-2 سے ہار کے باوجود فائنل فور میں جگہ بنالی، میزبان نے حریف کو 20برس بعد قابو کیا۔ فوٹو: فائل

پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کو 2-1 سے زیر کرنے کے باوجود ساف فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل تک رسائی سے محروم رہی۔

بھارت نے نیپال سے 1-2 سے ہار کر بھی فائنل فور میں جگہ بنالی، گروپ مرحلے میں روایتی حریف ٹیموں کے پوائنٹس اور گول اوسط برابر رہے، باہمی مقابلے میں فتح نے بلو شرٹس کیلیے ٹائٹل کے دفاع کی امیدیں زندہ رکھیں۔ نیپال کے دارلحکومت کھٹمنڈو میں جاری ایونٹ میں جمعرات کو گروپ اے کے آخری 2 لیگ میچز کھیلے گئے، میزبان ٹیم نے بھارت کو 20 سال بعد 2-1 سے زیر کیا، پہلے ہاف میں دفاعی انداز اپنائے جانے کی وجہ سے گول نہ ہوسکا، وقفے کے بعد70 ویں منٹ میں بھارتی دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی سے ملنے والی فری کک پر نیپالی اسٹرائیکر انیل گرونگ نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا دیا، خسارے میں جانے والی بلو شرٹس ٹیم کے کھلاڑیوں نے ناکامی سے بچنے کیلیے ہاتھ پائوں مارنے شروع کیے تو کھیل میں تیزی آگئی تاہم حملے غیر مؤثر ثابت ہوئے، اسی دوران 81 ویں منٹ میں جمانو رائے نے موقع ملتے ہی بھارتی دفاعی حصار میں شگاف ڈالتے ہوئے گول بنا دیا۔

مقررہ وقت میں نیپال کو 2 گول سے برتری حاصل تھی لیکن 3 منٹ کے انجری ٹائم نے بلو شرٹس کو خسارہ کم کرنے کا موقع فراہم کیا، آخری سیکنڈز میں سید رحیم نبی نے گول کرکے پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کا راستہ دشوار کردیا، بھارتی ٹیم کی 2 گول سے شکست کی صورت میں گرین شرٹس کی کسی مارجن سے فتح بھی پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے کافی ہوتی لیکن میچ کا 2-1 سے اختتام مشکلات بڑھا گیا۔ بنگلہ دیش کیخلاف گرین شرٹس نے میدان میں آتے ہی تابڑ توڑ حملوں کا آغاز کردیا، فارورڈ کو پہلے 15 منٹ میں گول کرنے کے کئی مواقع ملے مگر کامیابی نہ حاصل ہوسکی۔ 31 ویں منٹ میں بنگلہ دیشی پلیئر حسن ایملی نے پاکستانی گول پوسٹ پر جوابی حملہ کرتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا، 6 منٹ بعد گرین شرٹس کپتان ثمر اسحاق نے کارنر کک پر ہیڈر کے ذریعے گول کرکے مقابلہ 1-1سے برابر کردیا۔




پہلے ہاف کا اختتام اسی اسکور پر ہوا۔وقفے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے بنگال ٹائیگرز کو مکمل طور پر دبائو میں رکھا اور گیند زیادہ تر وقت حریف ڈی کے اردگرد ہی منڈلاتی رہی لیکن گول اسکور نہ کیا جاسکا۔ مقررہ وقت میں مقابلہ برابر رہا مگر بھارت اور نیپال کے میچ کی طرح پاکستان نے بھی 3 منٹ کے انجری ٹائم کو کار آمد بناتے ہوئے گول کردیا۔ اضافی وقت کے دوسرے منٹ میں محمد ریاض نے لیفٹ سائیڈ سے 3 حریف کھلاڑیوں کو ڈاج دیتے ہوئے گیند کو ڈی میں کلیم اللہ کی طرف پھینکا جنھوں نے کوئی غلطی کیے بغیر اسے گول پوسٹ میں پہنچا کر پاکستان کو فتح دلائی۔ گروپ میں نیپال کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی، پاکستان اور بھارت کے پوائنٹس کی تعداد4،4 تھی، دونوں ٹیموں نے 3،3 گول کیے اور ان کے حریفوں نے بھی اتنی ہی بار دفاع میں شگاف ڈالا۔

قوانین کے مطابق گروپ مرحلے کے دوران باہمی مقابلے میں گرین شرٹس کو ایک گول سے شکست دینے کی بنیاد پر دفاعی چیمپئن بھارتی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی ممکن ہوگئی، پاکستان ایونٹ میں عمدہ کھیل کے باوجود بدقسمتی سے باہر ہوگیا۔ روایتی حریفوں کے مابین ایونٹ کے افتتاحی مقابلے میں بھارت کو کامیابی بھی پاکستانی کپتان ثمر اسحاق کے اون گول سے حاصل ہوئی تھی، نیپال کے خلاف میچ میں بھی پاکستان ٹیم نے برتری حاصل ہونے کے باوجود کھیل ختم ہونے سے ایک منٹ قبل گول ہونے پر جیتی بازی گنوا دی تھی۔ ایونٹ میں جمعے کو گروپ بی لیگ میچزکے آخری روز سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرنے والی مالدیپ اور افغانستان کی ٹیمیں مقابل ہونگی، دوسرا میچ ابتدائی دونوں میچز میں ناکامی کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی سری لنکا اور بھوٹان کی سائیڈز کے مابین کھیلا جائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story