اسکولوں میں ڈنگی وائرس سے بچاؤ کی آگاہی مہم شروع کرنیکا فیصلہ

ماہرین کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، پیر سے مہم شروع ہوگی، اسکول انتظامیہ کے تعاون سے طالبعلموں کو حفاظتی تدابیر بتائی...

کراچی کو 5 زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، عوام و بچوں کیلیے اردو اور سندھی زبان میں خصوصی آگاہی کتابچے تیار کیے جارہے ہیں، ڈاکٹر ظفر فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس

کراچی کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کے طالب علموں کیلیے ڈنگی وائرس سے بچاؤ کی آگاہی مہم پیرسے شروع کی جائے گی، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر اعجاز نے بتایا کہ صوبائی محکمہ صحت کی ہدایت پرکراچی کے اسکولوں کے طالب علموں کو وائرس سے محفوظ رکھنے اور وائرس کی علامات کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی جارہی ہے۔

جو ستمبر تک جاری رہے گی، انھوں نے کہا کہ جمعہ کوای ڈی اوہیلتھ کی جانب سے صوبائی محکمہ تعلیم کوایک مکتوب لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیرصحت اورسیکریٹری صحت کی ہدایت پرکراچی میں واقع پانچوں اضلاع کے اسکولوں کے بچوں میں ڈنگی وائرس کی علامات اور بچاؤ سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلیے ماہرین طب کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو اسکول انتظامیہ کے تعاون سے طالب علموں کو وائرس کا سبب بننے والے ایڈیز ایجپٹی سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے، جیسے کہ مچھرکی افزائش نسل کس موسم میں ہوتی ہے۔




ڈنگی مچھر کے کاٹنے کے بعد متاثرہ مریض میں کیا علامات ظاہر ہوتی ہیں اور بخار ہونے کی صورت میں کون سے ٹیسٹ کرائے جائیں، ڈاکٹر ظفراعجازنے بتایا کہ اسکولوں میں مہم شروع کرنے کیلیے کراچی کو 5 زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، ای ڈی اوہیلتھ آفس محکمہ صحت عوام اور طالب علموں کووائرس سے محفوظ رکھنے کیلیے اردو اور سندھ زبان میں خصوصی آگاہی کتابچے بھی تیارکررہی ہے جو عوام میں اور اسکولوں میں بھی تقسیم کیے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ای ڈی اوہیلتھ آفس کی جانب سے پہلی بار ملازمین کوڈنگی وائرس سے متعلق ہیلتھ ایجوکیشن بھی شروع کردی گئی ہے۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ ڈنگی سے محفوظ رہنے کیلیے گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور باروچی خانوں کی صفائی اچھی طرح کی جائے جبکہ کیاریوں میں اس موسم میں پانی کم استعمال کیا جائے کیونکہ جس جگہ پانی کی نمی ہوگی اس جگہ مادہ مچھروں کی افزائش نسل تیزی سے ہوگی، مادہ مچھر پانی یا نمی والی جگہ پر انڈے دیتی ہے، انھوں نے کہا کہ اس وقت ڈنگی وائرس کا سیزن شروع ہوچکا ہے جو دسمبر تک جاری رہے گا۔
Load Next Story