سندھ سے نا انصافیاں عوامی تحریک ٹرین مارچ کرے گی

6 ستمبر کوکراچی سے اسلام آباد جانے میں رکاوٹ کی بھرپور مزاحمت کرینگے، ایاز پلیجو

حيدرآباد:عوامي تحريك كے سربراہ اياز لطيف پليجو قاسم آباد ميں نيوز كانفرنس كر رہے ہيں (فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس )

عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے سندھ کے لوگوں سے نا انصافیوں کے خلاف 6 ستمبر کو کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ کا اعلان کر دیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رحمان ملک نے15 جولائی کی کراچی امن ریلی کی طرح ان کے ٹرین مارچ کو روکنے کی کوشش کی تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں روزانہ درجنوں بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں، محبت سندھ ریلی پر فائرنگ کے ملزمان اب تک گرفتار نہیں کیے گئے، سندھ میں پانی کی قلت کے باعث کسان پریشان ہیں۔ ووٹر لسٹوں سے سندھیوں کے نام خارج کر کے غیر سندھیوں کے ناموں کا اندراج کر دیا گیا ہے، ذوالفقار آباد سندھ دشمن منصوبہ ہے جو سندھ کو مکمل ختم کرنے کے لیے بنایا جارہا ہے جسے کسی طور قبول نہیں کیا جائے گا۔

عوامی تحریک سندھ کے لوگوں کے ساتھ ان نا انصافیوں کے خلاف 29 اگست کو عمر کوٹ میں جب کہ یکم ستمبر کو جھڈو، ڈگری، نوکوٹ اور ٹنڈو جان محمد میں ریلیاں نکال کرصوبے کے عوام کو اپنا کردار ادا کرنے کی دعوت دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی پی نے پولیس، ریونیو اور صحت جیسے اہم محکمے نام نہاد مفاہمت کے نام پر اتحادیوں کے حوالے کر دیے ہیں۔ پی پی اور ایم کیو ایم کا بلدیاتی ایکٹ سندھ کے عوام کے سامنے لایا جائے۔
Load Next Story