عمدہ بیٹنگ نے بابر اعظم کا اعتماد بلندیوں پر پہنچا دیا

کیویز کیخلاف خطرہ مول لینے کے بجائے رنز بنانے کے موقع کا انتظار کیا،بیٹسمین

کیویز کیخلاف خطرہ مول لینے کے بجائے رنز بنانے کے موقع کا انتظار کیا،بیٹسمین فوٹو: فائل

مشکل کنڈیشنز میں عمدہ بیٹنگ نے بابر اعظم کا اعتماد بلندیوں پر پہنچادیا۔

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ سے میچ میں سنچری بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی، بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو پہلے فرگوسن کو محتاط انداز میں کھیلنے کا پلان تھا، بعد ازاں پچ پر گیند ٹرن بھی ہونا شروع ہو گئی، مچل سینٹنر کی گیندیں بہت گھوم رہی تھیں، اسی وجہ سے محمد حفیظ کے ساتھ مشورہ کرتے ہوئے طے کیا تھا کہ کوئی خطرہ مول نہیں لینا اطمینان سے کھیلنا ہے، اگر 3یا 4رنز فی اوور بھی بنے تو آخر میں تیز کھیل کر مطلوبہ رن ریٹ برقرار رکھ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ بابر اعظم نے اس اننگز کے دوران ون ڈے انٹرنیشنل میں 3 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، سچن ٹنڈولکر نے ورلڈکپ 1996میں 523رنز جوڑنے کا ریکارڈ قائم کیا تو صرف 22سال کے تھے۔


24سالہ بابر اعظم نے ابھی تک 333رنز بنائے ہیں، ان کے پاس میگا ایونٹ میں زیادہ اسکور بنانے والا انڈر25 کرکٹر بنناکا موقع موجود ہے،بابر اعظم نے ون ڈے کیریئر میں ابھی تک 10سنچریاں بنائی ہیں، ان میچز میں سے 8میں پاکستان ٹیم کو فتح حاصل ہوئی۔

اس بارے میں نوجوان بیٹسمین نے کہاکہ ریکارڈز بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں، اننگز ٹیم کے کام آئے اور میچ جتوا کر میدان سے باہر آئیں تو بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے،اس سے آئندہ مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا نیا حوصلہ بھی پیدا ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم ہر میچ کو ایک چیلنج کے طور پر لے رہے ہیں،اچھی کارکردگی پیش کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گے۔
Load Next Story