پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آج سے شروع ہو گا

زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر کی ٹیم میں واپسی ہوگی،گرین کیپس کلین سوئپ کیلیے بے تاب

یونس کو7 ہزار رنز مکمل کرنے والا چوتھا پاکستانی بننے کیلیے48کی اننگز درکار۔ فوٹو :فائل

زمبابوے اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ منگل سے ہرارے اسپورٹس کلب میں شروع ہورہا ہے۔

مہمان ''اسپن گنز''کی دہشت نے زمبابوے کا چین چھین لیا ہے، اسپنرز کا سامنا کرنے کیلیے کوچز بیٹسمینوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے، نیٹ میں سلو بولنگ کے خلاف خصوصی پریکٹس کی گئی، کپتان برینڈن ٹیلر کی واپسی کیلیے رچمونڈ موتمبامی کو جگہ خالی کرنا پڑسکتی ہے، اضافی اسپنر کھلانے کا فیصلہ آخری لمحات میں کیا جائیگا، دوسری جانب گرین کیپس کلین سوئپ کیلیے بے تاب ہیں، یونس خان کو7 ہزار رنز مکمل کرنے والے چوتھے پاکستانی کا اعزاز حاصل کرنے کیلیے 48 رنز درکار ہونگے، راحت علی کی جگہ وہاب ریاض کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے، فیصل اقبال کو بھی کھلانے پر غور جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کی بدولت 2میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوئی،اب اس کی نگاہیں کلین سوئپ پر مرکوز ہیں، پہلے میچ کی فتح میں یونس خان کی ڈبل سنچری نے اہم کردار ادا کیا تاہم سعید اجمل اور عبدالرحمان پر مشتمل اسپن جوڑی بھی زمبابوین زور توڑنے میں پیش پیش رہی، دونوں نے مجموعی طور پر 15 وکٹیں لیں، دوسرے ٹیسٹ سے قبل بھی ان کی دہشت سے حریف کھلاڑیوں کے چہرے زرد پڑچکے، میزبان بیٹسمینوں کو اسپنرز کا سامنا کرنے میں خاص طور پر مشکلات کا سامنا رہتا ہے، بھارت کیخلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں انھیں امیت شرما نے خوب پریشان کیا جبکہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز میں 2ٹیسٹ کے دوران گرنے والی 40 وکٹوں میں سے 29 شین شلنگفورڈ اور مارلون سموئلز نے حاصل کی تھیں۔




دوسرا ٹیسٹ جس پچ پر ہو گااسکے بارے میں ہیملٹن مساکیڈزا کا خیال ہے کہ اسپنرز کو زیادہ مدد ملے گی، وکٹ کو مسلسل ڈھانپ کر رکھنے سے جنید خان اینڈ کمپنی فائدہ اٹھا سکتی ہے مگرزمبابوین بیٹسمینوں کیلیے حقیقی آزمائش اسپنرز ہی ثابت ہوںگے۔ پہلے ٹیسٹ میں 105 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ لینے والے راحت علی کی جگہ وہاب ریاض کو کھلایا جاسکتا ہے، اسی جگہ اسد شفیق کی جگہ فیصل اقبال کھیل سکتے ہیں۔ یونس کو 7 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے چوتھے پاکستانی بننے کیلیے مزید 48 رنز بنانے ہونگے،ان سے قبل میانداد، انضمام الحق اور محمد یوسف یہ سنگ میل عبور کرچکے۔

دوسری جانب زمبابوین ٹیم کی قیادت ایک بار پھر برینڈن ٹیلر کے ہاتھوں میں ہوگی مگر وہ اس بار چوتھی پوزیشن پر بیٹنگ کرسکتے ہیں، ان کی عدم موجودگی میں مالکولم والر اور ڈیبیو کرنے والے سکندر رضا نے عمدہ کارکردگی پیش کی، جس کی وجہ سے امکان یہی ہے کہ ٹیلر پھر وکٹ کیپنگ گلوز سنبھالیں گے، موتمبامی کو ڈراپ کیا جائے گا تاہم ٹیلر سے وکٹ کیپر کی اضافی ذمہ داری واپس لینے کی صورت میں سکندر رضا کو باہر بٹھانے کا بھی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ زمبابوے نے اگر دوسرے اسپنر کے ساتھ فیلڈ سنبھالنے کا فیصلہ کیا تو نوجوان لیگ اسپنر نیٹسائی مشنگوے کا ڈیبیو ہوگا۔
Load Next Story