فیڈریشن ایونٹس کی انعامی رقم بڑھائےاعصام کا مطالبہ

ڈیوس کپ ٹائی کے حوالے سے سیکریٹری پی ٹی ایف کے الزامات بے بنیاد ہیں، ٹینس اسٹار

ملک میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ٹینس سمیت دیگرکھیلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے. فوٹو : فائل

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے فیڈریشن سے قومی ایونٹس کی انعامی رقم بڑھانے کا مطالبہ کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ اس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا، اسی طرح زیادہ مقابلوں سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکتا ہے۔

میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ملک میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ٹینس سمیت دیگرکھیلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، ٹینس فیڈریشن کو کھیل کے فروغ اور بہتری کیلیے پرائیویٹ اسپانسرز تلاش کرنے چاہئیں،گذشتہ11 برس سے کوئی نامور کھلاڑی سامنے نہیں آیا، اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی ہوگئی، مسئلہ صرف یہ ہے کہ پلیئرز کو مناسب رہنمائی نہیں مل رہی، فیڈریشن کو باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے زیادہ سے زیادہ ایونٹس کا انعقاد کرنا چاہیے، نیشنل ٹورنامنٹ کی انعامی رقم میں بھی اضافہ ضروری ہے۔




تاکہ پلیئرز میں خود اعتمادی آئے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری ممتاز یوسف نے نیوزی لینڈ کیخلاف میانمار میں ہونے والی ڈیوس کپ ٹائی کے حوالے سے جو الزامات لگائے وہ بے بنیاد ہیں،کورٹ کا انتخاب پی ٹی ایف نے کیا،اگر اسے وہ پسند نہ تھا تو ہم کسی اور ملک میں بھی کھیلنے کیلیے تیار تھے۔ انھوں نے کہا کہ ٹائی میں پاکستان کامیابی حاصل کرنے والا تھا تاہم سری لنکن ریفری کے غلط فیصلے کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اعصام نے کہا کہ میں خود ریفری کیخلاف انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے اجلاس میں پیش ہوا اور موقف پیش کیا، فیڈریشن کی بیان بازی سے آئی ٹی ایف میں بھی ہماری بدنامی ہوئی، سری لنکن ریفری کو بھی اس پر بیحد خوشی ہوئی ہوگی کہ ڈیوس کپ ٹائی میں اس کا فیصلہ درست تھا۔ اعصام الحق نے کہا کہ عقیل خان ہمارا قومی اثاثہ اور انھوں نے مختلف قومی ایونٹس اور ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان کیلیے کئی فتوحات حاصل کی ہیں، انھیں حسن کارکردگی ایوارڈ ملنا چاہیے ۔
Load Next Story