نوجوانوں کو ایڈز سے محفوظ رکھنے کیلیے کورس شروع کرنے کا فیصلہ

کورس کا دورانیہ 18ماہ ہوگا،کورس میں ہیجٹرے، سیکس ورکرز، انجکشن کے ذریعے نشہ کرنے والوں کو شامل کیاجائیگا

پروگرام کراچی کے 3 علاقوں کلفٹن ، صدر اورکورنگی میں شروع کیاجائیگا،ڈاکٹر محمد احمد قاضی کاتقریب سے خطاب فوٹو: فائل

پاکستان میں ایڈزکا مرض پھیلنے کے واضح خطرات موجود ہیں ، ایشیائی ممالک میں پاکستان ایڈز کے مرض میں دوسرے نمبر پر ہے۔

کراچی میں ایچ آئی وی ایڈز وائرس کے ہائی رسک گروپس کے نوجوانوں میں ایڈز سے محفوظ رکھنے کیلیے خصوصی کورس شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، یہ کورس کراچی کے تین علاقوں میں شروع کیا جائے گا جس میں ہیجٹرے، سکس ورکرز ،انجکشن کے ذریعے نشہ کرنے والوں کو شامل کیاجائے گا ،خصوصی کورس سندھ ایڈزکنٹرول پروگرام ،یونیسف اور یواین پی اے کے اشتراک سے شروع کیا جائے گا جس کا دورانیہ 18ماہ کا ہوگا،یہ بات سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے صوبائی منیجر ڈاکٹرمحمد احمد قاضی نے پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔




اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر اشفاق میمن، ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر نفیس قریشی ، یو این پی اے کے ڈاکٹر رابی رویان اور یونیسف کے ماہرین سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ، ڈاکٹر محمد احمد قاضی نے کہاکہ کراچی میں ایچ آئی وی ایڈزکے ہائی رسک گروپس کے نوجوانوں کومہلک مرض سے محفوظ رکھنے کیلیے بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے خصوصی تربیتی کورس شروع کیاجارہا ہے کیونکہ کراچی سمیت سندھ میں اس مہلک مرض میں زیادہ ترنوجوان مبتلا ہیں ، انھوں نے کہاکہ تربیتی کورس میں ہا ئی رسک گروپس کے نوجوانوں کوجنسی امراض کے ٹیسٹ، علاج اورکاؤنسلنگ بھی فراہم کی جائے گی۔

یہ پروگرام شہرکے تین علاقوں کلفٹن ، صدر اورکورنگی میں شروع کیاجائیگا، انھوں نے کہاکہ ہائی رسک گروپس کے نوجوانوں میں اس مرض کے لاحق ہونے کے زیادہ خطرات موجود ہیں اوران نوجوانوں کے علاج اور ان کی کاؤنسلنگ کی سہولتیں بھی میسر نہیں،یواین پی اے کے ڈاکٹر رابی رویان نے کہاکہ پاکستان سمیت ایشیاکی آبادی ایچ آئی وی ایڈز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے یہ پروگرام شروع کرنے کی وجہ ہائی رسک نوجوانوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے ، ڈائریکٹر جنرل صحت اشفاق میمن نے کہاکہ ایڈز ایک سماجی مسئلہ بھی بن گیا ہے اور سندھ کے بیشتر نوجوان اس مرض کا شکار ہیں ۔
Load Next Story