صدر ہاکی فیڈریشن قاسم ضیا کے مستقبل کا فیصلہ آج متوقع

ایگزیکٹیو بورڈ ورلڈ کپ سے پہلی بار پاکستان کے باہر ہونے کی رپورٹ کا جائزہ لے گا

ایگزیکٹیو بورڈ ورلڈ کپ سے پہلی بار پاکستان کے باہر ہونے کی رپورٹ کا جائزہ لے گا۔ فوٹو: فائل

ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا کے مستقبل کا فیصلہ بدھ کو ہوگا،ایگزیکٹیو بورڈ نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں میٹنگ کے دوران اگلی مدت کیلیے انتخابات لڑنے کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔

قاسم ضیا کی دستبرداری کی صورت میں سابق قومی کپتان اختر رسول صدارت کے امیدوار ہوںگے،اس صورت میں انھیں رضا کارانہ طور پر منیجر کم چیف کوچ کا عہدہ چھوڑنا ہوگا جس پر سینئر ٹیم کی مینجمنٹ میں معمولی تبدیلی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ قاسم ضیا ہاکی کے ممتاز کھلاڑی ہونے کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کے نمایاں رہنما بھی ہیں،اختر رسول کا تعلق حکومتی جماعت مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے۔




اجلاس میں 25 اکتوبر سے 25 نومبر کے درمیان انتخابات کی منظوری لی جائے گی۔ ورلڈ کپ کی 42 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے باہر ہونے پر ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹ دیکھی جائے گی،ایشیا کپ میں ناکامی کی وجوہات کا جائزہ لے کر قومی کھیل کو تباہی سے بچانے کیلیے اہم فیصلوں کی منظوری لینے کا بھی امکان ہے۔ میٹنگ میں ایسے حقائق کے بارے میں بھی بات ہوگی جو ابھی تک عوام اور پی ایچ ایف کی نظروں سے اوجھل تھے۔ کوچ طاہر زمان بھی ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں اپنا موقف پیش کریں گے۔
Load Next Story