تھامس باخ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے نئے صدر منتخب

ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں تمام پانچ حریفوں کو مات دے کر ٹاپ پوزیشن پائی

ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں تمام پانچ حریفوں کو مات دے کر ٹاپ پوزیشن پائی۔

جرمنی کے تھامس باخ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے نئے صدر منتخب ہوگئے، اس سے ان کے دیرینہ خواب کو بھی تعبیر مل گئی۔

59 سالہ جرمن کو پہلے اولمپک گولڈ میڈلسٹ صدر بننے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہوا تھا، انھوں نے ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں اپنے تمام پانچ حریفوں کو مات دیکر ٹاپ پوزیشن پائی، 12 برس اس عہدے پر براجمان رہنے والے جیکس روگ اب ذمہ داری نئے منتخب صدر کوسونپ دینگے، تھامس باخ نے 1976 کے اولمپکس میں مغربی جرمنی کی جانب سے ٹیم فوائل ایونٹ میں طلائی تمغہ اپنے نام کررکھا ہے، وہ صدارتی مہم کی دوڑ میں بھی پیش پیش رہے اور کافی عرصے سے انھیں روگ کے جانشین کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔




صدر منتخب ہونے پر خیالات کا اظہارکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں اپنے تمام دوستوں اور ساتھیوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، میں اپنی مہم کے سلوگن ' اتحاد میں یگانگت ' کو ہی آگے بڑھائوں گا، باخ پیشے کے اعتبار سے قانون داں ہیں، 1991 میں ممبر بننے کے بعد سے وہ تین مرتبہ نائب صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے،انھیں جوڈیشل کمیشن کی سربراہی کا اعزاز بھی حاصل رہا، وہ ان افراد میں سے ایک ہیں جنھوں نے ڈوپنگ میں ناکام ایتھلیٹس کی 2 کے بجائے 4 برس معطلی کیلیے آواز بلند کی، تھامس باخ کیلیے صدارتی مہم آسان نہیں رہی، جرمن میڈیا کی جانب سے بھی بطور آئی او سی صدر ان کی اہلیت پر سوال اٹھائے گئے تھے۔
Load Next Story