پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلیے تعاون کرینگےملائیشین وزیر

ملائیشیا کے تجربے سے فائدہ اٹھاکرویژن2025 پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے، احسن اقبال

پاکستان میں معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ انتظامی مشینری مل کر کام کرے، ملائیشین وزیر۔ فوٹو : اے ایف پی

وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سیاسی قیادت اور بیوروکریسی کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

حکومتی مشینری کی کارکردگی بڑھائی جائے گی اور ملائیشیاکے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ویژن 2025 پروگرام پر عمل درآمد بہتر بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو منصوبہ بندی کمیشن آڈیٹوریم میں ملائیشیا کے وزیر کارکردگی ادریس جالا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملائیشین وزیر نے کہاکہ ملائیشیا میں ہر وزیر اور سیکریٹری کی کارکردگی کی ماہانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیارکی جاتی ہے اور اس حوالے سے پاکستان میں معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ انتظامی مشینری مل کر کام کرے۔

پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ملائیشیا ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے اور ہم اس میں بھرپور مدد کریں گے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ ملائیشیا کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ویژن2025 پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے اور ملائیشیا کی طرز پر حکومتی مشینری کی کارکردگی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔




انہوںنے کہاکہ ہم ایسی منصوبہ بندی نہیں کریں گے جو ماضی کی طرح رہے بلکہ ہم نے ایسی منصوبہ بندی کرنی ہے کہ حکومت کوئی بھی ہو وہ اس کو آگے لے کر جائے۔ انہوںنے کہا کہ سرکاری اداروں میں اب سیاسی مداخلت کا دور گزرگیا۔

5 سال میں ہم کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے تا کہ ہم اپنی اجتماعی کوششوں سے ان مسائل پر قابو پا سکیں۔ ایک سوال پر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر پی آئی اے اور ریلوے کو منافع بخش ادارے بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1998 میں ہمارے پاس ایک جامع منصوبہ بندی تھی جس پر دور آمریت میں عمل نہیں کیا گیا اور اس کے نتیجے میں آج ہمیں بجلی اور گیس کے بحران کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات کو اس طرح چھوڑا گیا تو ہم پانی کی کمی کی صورت میں ایک دوسرے بحران سے دوچار ہو سکتے ہیں، اس حوالے سے ہم نے ویژن2025 کے تحت جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔
Load Next Story