اولمپکس 2020 جاپان نے غیر معمولی ایونٹ کا عہد کرلیا

30 گولڈ میڈلز جیتنے پر نظریں جمالیں، فوکوشیما ایٹمی پلانٹ کا مسئلہ میگا ایونٹ کے انعقاد تک حل نہیں ہوسکے گا، ناقدین

30 گولڈ میڈلز جیتنے پر نظریں جمالیں، فوکوشیما ایٹمی پلانٹ کا مسئلہ میگا ایونٹ کے انعقاد تک حل نہیں ہوسکے گا، ناقدین فوٹو: فائل

BARCELONA:
جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے نے2020 ٹوکیو اولمپکس کو دنیا کے ٹاپ ایتھلیٹس کیلیے ایک غیر معمولی ایونٹ بنانے کا عہد کیا ہے۔

دوسری جانب ناقدین نے دعویٰ کیا کہ فوکوشیما ایٹمی پلانٹ کا مسئلہ2020 تک حل نہیں ہوسکے گا، دریں اثنا جاپانی حکومت نے مجموعی طور پر 30 گولڈ میڈلز جیتنے پر نظریں جمالیں، وزرا ایتھلیٹس کے وسائل بڑھانے کیلیے ایک ایجنسی کے قیام کی تیاری کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اولمپکس کی تیاریوں پر ایک خصوصی کابینہ میٹنگ میں ایبے نے بتایا کہ میزبان ملک ہونے کے ناطے جاپان کو دنیا بھر سے حصہ لینے والے ایتھلیٹس کو اپنی بہترین کارکردگی دکھانے میں مدد دینا ہوگی۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم نے ہفتے کے روز بیونس آئرس میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی میٹنگ میں ٹوکیو کی بڈ کیلیے کوششیں کی تھیں،وہاں جاپانی دارالخلافے کو میڈرڈ اور استنبول کے مقابلے میں میزبانی کیلیے چنا گیا۔

2011 کے زلزلے اور سونامی سے 18ہزار افراد جاں بحق ہوئے،اس دوران فوکوشیما ایٹمی پلانٹ کی تباہ کاری کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دنیا کو یہ دکھانے کیلیے کہ کس طرح ہم گریٹ ایسٹ جاپان زلزلے سے دوبارہ اٹھ کھڑے ہوئے ٹوکیو 2020 کا انعقاد جاپان کیلیے ایک سنہری موقع ثابت ہوگا۔ دریں اثنا ایک سینئر سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ تعلیم اور سائنس کی وزارت نے آئندہ برس کیلیے ایک بجٹ کی تجویز دی تاکہ اسپورٹس سے متعلق پالیسیوں کا تعین کیا جاسکے۔




1964 میں اولمپکس کی میزبانی اور 2004 ایتھنز گیمز میں جیتے گئے 16 گولڈ میڈلز کی جگہ جاپان نے 2020 گیمز میں 25 سے 30 گولڈ میڈلز حاصل کرنے کا ہدف بنایا ہے۔ گذشتہ برس کے لندن گیمز میں جاپان نے 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ 11 ویں پوزیشن پائی تھی۔ ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ ہم نے آئندہ مالیاتی بجٹ کیلیے 15 ملین ڈالر کے بجٹ کی درخواست کی تاکہ 16 اور 20 برس تک کے عمر کے ٹاپ ایتھلیٹس کو ٹریننگ دی جا سکے۔ ہوم ایڈوانٹج اکثر میزبان ممالک کو میڈل ٹیبل پر برتری میں مدد دیتا ہے، 2008 بیجنگ گیمز کے 10 گولڈز کے مقابلے میں گذشتہ برس کے لندن اولمپکس میں برطانیہ نے 29 طلائی تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر قبضہ کیا تھا۔

دریں اثنا ناقدین نے فوکوشیما ایٹمی پلانٹ کے مسئلے پر ٹوکیو اولمپکس سے قبل قابو پانے کے دعوے کو مسترد کردیا،بیونس آئرس میں اولمپک سربراہان سے بات چیت میں جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے نے کہا تھا کہ پلانٹ سے پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ حالات قابو میں ہیں۔ اس حوالے سے کیوٹو یونیورسٹی ریسرچ ری ایکٹر انسٹی ٹیوٹ کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیروآکی کوئڈی کا کہنا ہے کہ مجھے ایبے کی تقریر سن کر حیرانی ہوئی، آمیزش شدہ پانی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا، ری ایکٹرز کی تباہی کے بعد سے وہ سمندر میں مل رہا ہے۔
Load Next Story