افغانستان ساف فٹبال چیمپئن بھارتی عزائم خاک میں مل گئے

ایذدزے اور سنجار نے گول کر کے تاریخ رقم کرنے کا موقع دیا، بلوشرٹس کی ٹائٹل ہیٹ ٹرک کا خواب حسرت میں بدل گیا

ساف کپ فائنل میں بھارت کو زیر کرنے والے افغان فٹبالرز ٹرافی تھامے جشن منارہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

افغانستان نے بھارتی عزائم خاک میں ملاتے ہوئے ساف فٹبال ٹائٹل پرقبضہ جمالیا، مصطفیٰ ایذدزے اور سنجار احمد نے گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو تاریخ رقم کرنے کا موقع فراہم کیا، بلوشرٹس کی ٹائٹل ہیٹ ٹرک کا خواب حسرت میں بدل گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصلہ کن معرکے میں افغان کھلاڑیوں نے آغاز سے ہی مضبوط بھارتی ٹیم پر قابو بڑھا دیا، ابتدائی 5 منٹ میں اسٹرائیکرز نے کئی حملے کیے، 9 ویں منٹ میں خوبصورت مڈفیلڈ ورک سے حاصل ہونے والے موقع کو مصطفیٰ ایزدزے نے کارآمد بناتے ہوئے ٹیم کو برتری دلادی،اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود بھارتی سپورٹرز پر سکتہ طاری ہوگیا، افغانی کھلاڑیوں نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ ابتدائی 15 منٹ تک گیند زیادہ تر حریف ڈی کے آس پاس رکھی، 19 ویں منٹ میں مصطفیٰ ایذدزے اور سنجار احمد کی باہمی کوشش کو گول کیپر سبرتا پال نے ناکام بنا دیا،35 ویں منٹ میں بھارتی ٹیم کو افغان گول پوسٹ پر حملے کا پہلاموقع ملا جو گول کیپر کی پھرتی سے ضائع ہوگیا، پہلے ہاف کے اختتامی 10 منٹ میں بھی گیند زیادہ تر افغانی پلیئرزکے پاس ہی رہی۔

وقفے کے بعد بھارتی فارورڈز نے مقابلہ برابر کرنے کی کوشش تیز کردی، 55 ویں منٹ میں اراتا سنگھ نے دور سے کک لگا کر گول کرنے کی کوشش کی مگرافغان گول کیپر نے گیند کو باآسانی اپنے ہاتھوں میں محفوظ کر لیا۔ 57 ویں منٹ میں ریفری نے ارناب مونڈل کو خطرناک فاؤل پر یلو کارڈ دکھاتے ہوئے افغانستان کو فری کک دی، 2 منٹ بعد بھارتی اسٹرائیکر روبن سنگھ افغان دفاعی حصار توڑتے ہوئے ڈی میں داخل ہوگئے مگر گول کیپر منصورخان نے ڈائیو لگا کر گیند قبضے میں کرلی۔ 60 ویں منٹ میں بھارتی سائیڈ نے جوجی کی جگہ فٹنس مسائل سے دوچار کپتان سنیل چتری کو میدان میں اتارا،انھوں نے آتے ہی اسٹرائیکر فرانسس کے ساتھ مل کر گول کرنے کی کوشش کی لیکن افغان ڈیفنڈرز نے کامیاب نہ ہونے دیا۔




بلال اور سنجار احمدی چھوٹے چھوٹے پاسز سے گیند حریف ڈی تک لے گئے، وہاں پہنچتے ہی بلال نے کوشش کی،ایسے میں بھارتی گول کیپر سبرتا کی غلطی سے رباؤنڈ پر سنجار احمدی نے گیند کو جال میں پہنچا دیا، یوں افغانستان کی برتری 2-0 ہو گئی، بعدازاں افغانی گول کیپر منصور بھارتی امیدوں کی راہ میں دیوار بنے رہے، انھوں نے حریف اسٹرائیکرز کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا، 67 ویں منٹ میں ٹیم نے پہلی تبدیلی کی، ماروف کی جگہ حشمت اللہ محمد جان کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا، 74 ویں منٹ میں سنیل چتری کو گول کرنے کاآسان موقع ملا مگر انھوں نے گیند کو باہر پھینک دیا۔

76 ویں منٹ میں افغانستان نے سنجار احمدی کو میدان سے باہر بلا کر احمد عراش حتیفی کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا، آخری 15 منٹ میں مایوس بھارتی کھلاڑیوں کی بوکھلاہٹ سامنے آنے لگی اور ہر کوئی انفرادی طورپر گول کرنے کی کوشش کرنے لگا، اسٹرائیکرز کی ڈی کے باہر سے لگائی گئی اکثر ککس پر گیند پوسٹ کے اوپر یا دائیں بائیں سے باہر جاتی رہیں۔ 83 ویں منٹ میں افغان احمد عراش نے فری کک لگائی مگر گیند پوسٹ کے اوپر والے حصے سے ٹکرا کر میدان سے باہر چلی گئی۔ کھیل ختم ہونے سے 5 منٹ قبل ریفری نے افغان گول کیپر منصور کو بلاوجہ وقت ضائع کرنے پر یلو کارڈ دکھایا، اختتام سے 3 منٹ قبل بھارت نے نریمل چتری کو باہر بلاکر ڈاؤسن کو میدان میں بھیجا، ریفری نے 5 منٹ کا انجری ٹائم فراہم کیا مگر بھارتی کھلاڑی اس میں بھی گول نہ کرسکے۔
Load Next Story