شاہ زیب کے اہل خانہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا

کوئی معافی کے اقدام کو طاقت کا کھیل تو کوئی دبائو نہ سہنے کا نتیجہ کہہ رہا ہے

شاہ زیب کے قاتلوں کو اہل خانہ کی جانب سے معاف کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر کیا گیا ایک پوسٹ ۔ فوٹو : فائل

شاہ زیب کے والدین کی جانب سے قاتلوں کی سزا معاف کرنے پر اہل خانہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

کسی نے اس اقدام کو طاقت کا کھیل قرار دیا تو کسی نے دباؤ نہ سہنے کا نتیجہ قرار دیا۔ لوگوں نے فیس بک پر شاہ زیب کی یاد میں بنائے گئے صفحے کا نام ہی تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔کسی نے لکھا کہ ''پیسے میں بڑی طاقت ہوتی ہے ، شاہ زیب کے خاندان نے ثابت کردیا '' ، کسی کا کہنا تھا کہ '' ملزمان کو پہلے ہی پتہ تھا،اسی لیے وہ عدالتوں میں وکٹری کے نشان بنا کر آتے تھے'' ، ایک دل جلے نے یہ بھی لکھا کہ '' ملزمان دنیاوی عدالت سے تو بچ جائیں گے۔




لیکن اللہ تعالیٰ کی عدالت میں کیسے بچیں گے '' ، کسی نے لکھا کہ '' پاکستان میں اسی کو انصاف کہتے ہیں '' ، ایک نوجوان نے یہاں تک لکھ دیا کہ '' اگر سزاؤں پر فوری طور پر عملدرآمد ہوجائے تو شاید یہ صورتحال نہ ہو ''۔ دوسری جانب کچھ لوگوں نے اہل خانہ سے ہمدردی کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ '' شاہ زیب کے اہل خانہ ایک عرصے تک بااثر افراد کا دباؤ سہتے رہے '' جبکہ کسی نے اہل خانہ کے اس اقدام کو سسٹم کی خرابی قرار دیا ۔

Recommended Stories

Load Next Story