انگلش پیسرز حریفوں کیلیے خوف کی علامت بن گئے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 16 جولائی 2019
آرچر زیادہ وکٹیں لینے،روٹ رنز بنانے والے ملکی پلیئر،ٹیم نے چھکوں کا ریکارڈقائم کیا

آرچر زیادہ وکٹیں لینے،روٹ رنز بنانے والے ملکی پلیئر،ٹیم نے چھکوں کا ریکارڈقائم کیا

 لاہور: ورلڈکپ میں انگلش پیسرز حریفوں کیلیے خوف کی علامت بن گئے جب کہ مارک ووڈ اور جوفرا آرچر نے تیز ترین گیند کا ریکارڈ اپنے نام کے آگے درج کرایا۔

ورلڈکپ میں تیز ترین گیند کرانے کا اعزاز انگلش بولرز مارک ووڈ، جوفرا آرچر اور آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک کو حاصل ہوا،تینوں نے 95.7میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرائی،آرچر اور اسٹارک پہلے ہی اس ہدف کو چھو چکے تھے۔

نیوزی لینڈ کیخلاف فائنل میں مارک ووڈ نے میٹ ہینری کو اس رفتار کی گیند پھینکی،جوفرا آرچر اور مارک ووڈ کی مجموعی رفتار کسی بھی دوسرے ملک کی جوڑی سے زیادہ رہی،آرچر کسی ایک ورلڈکپ میں انگلینڈ کیلیے سب سے زیادہ شکار کرنے والے بولر بن گئے، انھوں نے 20وکٹیں حاصل کیں، اس سے قبل ای این بوتھم نے 1992میں 16پلیئرزکوپویلین بھیجا تھا۔

آرچر نے مسلسل 4میچز میں 3،3 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا۔ انگلش پیسر اس نوعیت کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تاریخ کے پانچویں بولر ہیں، چمندا واس اور بریٹ لی2003، میک گرا 2007اور شاہد آفریدی2007 کے بعد 2011میں یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

جوئے روٹ نے ورلڈ کپ میں 13کیچز تھام کر رکی پونٹنگ کا ریکارڈ توڑا،سابق آسٹریلوی کپتان نے 2103میں 11کیچز لیے تھے، انھوں نے 556 رنز جوڑ کر کسی ایک ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے انگلش بیٹسمین کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ انگلینڈ نے کسی ایک ورلڈکپ میں زیادہ 76 چھکوں کا ریکارڈ بھی توڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔