سندھ میں آئندہ ہفتے 4روز کے لیے سی این جی بندش کا فیصلہ

3فیلڈز کی مرمت کے باعث منگل اورجمعہ کو48،48گھنٹے گیس فراہمی معطل رہے گی

فیصلہ بلا جواز ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید قلت سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑے گا, خدا بخش ملک فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سوئی سدرن گیس کمپنی نے 3 آئندہ ہفتے صوبے بھر میں 4 روز کیلیے سی این جی اسٹیشنز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سی این جی اسٹیشن اوونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے نوٹس موصول ہوا ہے کہ آئندہ ہفتے 3 مختلف فیلڈز کی سالانہ مرمت کے باعث کمپنی کو لائن پیک اور کم پریشر کا سامنا رہے گا جس کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو آئندہ ہفتے 4روز گیس فراہمی معطل رہے گی۔ کمپنی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سی این جی اسٹیشنز کو منگل کی صبح 8 سے جمعرات کی صبح 8بجے تک 48 گھنٹے جبکہ دوسری بار جمعہ 20ستمبرکی صبح 8سے اتوار صبح 8 بجے تک گیس فراہمی معطل رہے گی۔




سی این جی ایسوسی ایشنز نے سوئی سدرن کی جانب سے اچانک گیس بندش کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سی این جی اسٹیشن اوونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ فیصلہ بلا جواز ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید قلت سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑے گا۔ انہوں نے وزارت پٹرولیم اور اوگرا حکام سے درخواست کی کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کو ایسے فیصلوں سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔
Load Next Story