ٹارگٹڈ آپریشن کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے شیرعلی گورچانی

کراچی کے امن سے ملک کاامن وابستہ ہے،محمودالرشید،پارلیمانی وفدکی مزارقائدپربھی حاضری

پنجاب کے پارلیمانی وفد کے دورہ سندھ اسمبلی کے موقع پر اسپیکر آغا سراج درانی کے ہمراہ گروپ۔ فوٹو: فائل

کراچی کے دورے پرآئے ہوئے پنجاب اسمبلی کے پارلیمانی وفدنے دہشت گردوں، بھتہ خوروں اورجرائم پیشہ عناصرکے خاتمے کیلیے شہرمیں جاری ٹارگٹڈآپریشن کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کے امن سے ملک کا امن وابستہ ہے۔

کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہترہوگی توملکی معیشت میں بہتری آئے گی جس سے ملکی معیشت کاپہیہ رواں دواں رہے گا،وفاقی اورسندھ حکومتوںکوچاہیے کہ وہ کراچی میں جرائم کے خاتمے تک بلا امتیاز آپریشن جاری رکھیں اور سیاسی قو توں کو اس آپریشن کی حمایت کرنی چاہیے اگر کسی کے کوئی تحفظات ہیں توحکومت کو چاہیے کہ وہ اس کاا زالہ کرے،پارلیمانی دوروں سے صوبوں کے درمیان محبتوں میں اضافہ ہوتاہے اوریہ دورے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔یہ بات جمعے کوسندھ اسمبلی میں دورے کے موقع پرپنجاب اسمبلی کے ارکان نے میڈیا سے گفتگومیں کہی ۔پنجاب اسمبلی کاپارلیمانی وفدجب سندھ اسمبلی پہنچا تو اسپیکر آغا سراج درانی اورڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کیا۔




پنجاب اسمبلی کے پارلیمانی وفد کی قیادت ڈپٹی اسپیکرسردار شیرعلی گورچانی نے کی ،وفد میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید اور مختلف پارلیمانی جماعتوں کے 34 ارکان اسمبلی شامل تھے۔پارلیمانی وفد نے سندھ اسمبلی کی پرانی اور نئی تعمیر ہونے والی بلڈنگوں کادورہ بھی کیا۔اس موقع پرڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی سردارشیرعلی گورچانی نے کہاکہ ملک میں نئے صوبے ضرور بننے چاہیں لیکن یہ صوبے کسی کی خواہش پرنہیں بلکہ جن اضلاع میں ان کی ضرورت ہے وہاں کے عوام کی خواہش کے مطابق بنائے جائیں۔

نئے صوبو ں کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بھی ہونی چاہیے،ماضی میں کالا باغ ڈیم سمیت دیگر ایشوز کے سبب صوبوں کے درمیان نفرتیں قائم کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں لیکن اب ملک میں جمہوری نظام مضبوط ہے اور یہ سازشیں ناکام ثابت ہوگئی ہیں۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمحمودالرشیدنے کہاکہ کراچی کے امن سے ملک کاامن وابستہ ہے ٹارگٹڈ آپریشن کوسیاسی رنگ نہیں دیناچاہیے بلکہ ہم سب کوکراچی کے امن کے لیے مل کرکام کرنا چاہیے۔ پارلیمانی وفدمیں شامل اراکین اسمبلی نے کہاکہ کراچی کے کھانوں کاتوجواب نہیں کراچی کے کھانے کھا کرہم پنجاب خصوصاً لاہور کے کھانوں کو بھول گئے۔وفد نے مزارقائدپرحاضری دی،پھولوں کی چادرچڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔
Load Next Story