غیرقانونی گاڑیوں کیخلاف کارروائیوں کیلیے 4 خصوصی ٹیمیں تشکیل

ٹریفک کی صورتحال معلوم کرنے کیلیے شہریوں کیلیے ایس ایم ایس سروس کا آغاز

لیاقت آباد میں ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں جبکہ ایمبولینس بھی ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی ہے ۔ فوٹو : محمد ثاقب / ایکسپریس

KARACHI:
ٹریفک پولیس شہر میں غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف جلد ہی باقاعدہ مہم کا آغاز کر رہی ہے۔

جس کے تحت ٹریفک پولیس اور سٹیزن ٹرسٹ اگیسنٹ کرائم کے اشتراک سے 4 ٹیمیں ڈی ایس پیز ٹریفک کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور غیرجانبدارانہ بنائیں گی،ترجمان سندھ پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس کراچی نے شہریوں کے لیے ایس ایم ایس سروس کا بھی آغاز کر دیا ہے جس سے شہری نہ صرف سڑکوں پر ٹریفک کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال آگاہ رہ سکیں گے بلکہ8655 نمبرپر اپنے موبائل فون سے صرف T ایس ایم ایس کر کے ایک منٹ میں ٹریفک کی روانی سے متعلق موجودہ صورتحال بھی جان سکیں گے۔




علاوہ ازیں مذکورہ سہولت میں مزید بہتری کے لیے شہری ہیلپ لائن پر یا باذریعہ ای میل پر اپنی تجاویز بھی ارسال کرسکتے ہیں ، غلام قادر تھیبو نے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ٹریفک پولیس کی ویجیلنس ٹیموں کے متحرک کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں تاکہ ٹریفک پولیس سیکشنز کے سپروائزری افسران و دیگر عملے کے محکمانہ فرائض و ٹریفک کی صورتحال سے متعلق جملہ امور کی نگرانی کرتے ہوئے نا صرف کارکردگی بلکہ غفلت اور لاپروائی کے مرتکبین کے خلاف انضباطی کارروائیاں بھی یقینی ہوسکیں،انھوں نے ہدایت جاری کی کہ ٹریفک پولیس ہیلپ لائن کی کارکردگی کو مزید موثر اور مربوط بنایا جائے۔
Load Next Story