کراچی شپ یارڈ میں جرمنی کے اشتراک سے بھاری تعمیراتی ایکویپمنٹ تیار کیے جائیں گے

پہلے مرحلے میں مقامی سطح پرہیوی بلڈوزر تیار کیے جائیں گے

پہلے مرحلے میں مقامی سطح پرہیوی بلڈوزر تیار کیے جائیں گے. فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD:
کراچی شپ یارڈ میں جرمنی کے اشتراک سے بھاری تعمیراتی ایکویپمنٹ تیار کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں جرمنی کی کمپنی Liebherr-Industrieanlagen اور کراچی شپ یارڈ کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پاگیا ہے۔


معاہدے پر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے ایم ڈی ریئرایڈمرل سید حسن ناصر شاہ اور جرمن کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر Olaf Vohwinkelنے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت جرمن کمپنی کراچی شپ یارڈ کے ساتھ طویل مدتی شراکت کے تحت مشترکہ منصوبے کے ذریعے بھاری تعمیراتی مشینری تیار کرنے کے لیے ٹیکنالوجی اور مہارت فراہم کریگی۔

معاہدے کے تحت بڑے انفرااسٹرکچر منصوبوں بالخصوص ڈیمز اور موٹروے کی تعمیر کے لیے درکار ہیوی مشینری اور ایکویپمنٹ اور زرعی شعبے کے لیے بھاری مشینری مقامی سطح پر تیار کی جائیگی۔ پہلے مرحلے میں مقامی سطح پرہیوی بلڈوزر تیار کیے جائیں گے جس کے لیے جرمن کمپنی ٹیکنالوجی ٹرانسفر کریگی واضح رہے کہ کراچی شپ یارڈ میں 1989 میں بھی چینی ساختہ بلڈوزر تیار کیے گئے تھے جن کو مقامی نام رستم کے ایس 220دیا گیا تھا۔
Load Next Story