پاک بحریہ کے کیپٹن کے قتل میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کا خدشہ

پر کشش پیش کشوں کے باوجود ڈاکٹر ندیم نے پاکستان میں رہنے اور ملک اور قوم کی خدمت کرنے کو ترجیح دی تھی، پولیس ذرائع

مقتول کیپٹن ڈاکٹر ندیم احمد۔ فوٹو: فائل

چند روز قبل فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے پاک بحریہ کے کیپٹن کے قتل میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔

بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے داروں نے بھی اپنی تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا ہے، یہ بات پولیس ذرائع نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، پولیس ذرائع کے مطابق مقتول ڈاکٹر ندیم احمد نے حال ہی میں ایک خاص اور حساس موضوع پر بیرون ملک سے پی ایچ ڈی کی تھی جس کے بعد مقتول کو پر کشش پیشکشیں بھی کی گئی تھیں تاہم مقتول نے تمام پیشکشوں کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان میں رہ کر ملک و قوم کی خدمت کرنے کو ترجیح دی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ پاک بحریہ کے کیپٹن کے قتل کا واقعہ اسی تناظر میں کیا گیا ہے تاہم حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، پاک بحریہ کے کیپٹن کے قتل میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے میں پولیس کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے داروں نے بھی اپنی تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا ہے، ادھر ڈاکٹر ندیم کے قتل کی تفتیش کرنے والے ایک افسر نے ایکسپریس کوبتایا کہ پولیس تفتیش کے دوران اب تک قتل کا ایک بھی عینی شاہد نہیں مل سکا، پولیس نے واقعے کے بعد واقعاتی گواہوں کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں۔




انھوں نے بتایا کہ تفتیشی پولیس نے فائرنگ کے واقعے سے قبل کی سی سی ٹی فوٹیج شارع فیصل پر کار ساز اور عوامی مرکز کے مقام پر لگے کیمروں سے حاصل کر لی جس میں ڈاکٹر ندیم احمد کی گاڑی کو گزرتا دیکھا جا سکتا ہے تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج دھندلی ہونے کے باعث فوٹیج ماہرین سے تجزیہ کرایا جا رہا ہے، انھوں نے بتایا کہ تفتیشی پولیس نے مقتول ڈاکٹر کی 2 شادیوں سے متعلق بھی اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہے اور تفتیش کے دوران مقتول کی گھریلو زندگی میں کسی قسم کی کوئی چپقلش یا تنائو نہیں پایا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ اب تک کی جانے والے تفتیش سے یہ بات صاف ہے کہ ڈاکٹر ندیم احمد کی مکمل ریکی کرنے کے بعد اسٹیڈیم روڈ پر نشانہ بنایا گیا ہے، انھوں نے بتایا کہ تفتیشی پولیس قتل کے واقعے میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر کئی زاویوں سے بھی اپنی تحقیقات کر رہی ہے جس میں پولیس کوکوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

واضح رہے کہ 4 ستمبر کو شارع فیصل تھانے کی حدود میں اسٹیڈیم روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے کار سوار پاک بحریہ کے کیپٹن ڈاکٹر ندیم احمد کو قتل اور ان کی اہلیہ کو زخمی کردیا تھا۔
Load Next Story