ڈیوس کپ جوکووک نے سربیا کو فائنل کا ٹکٹ دلوادیا

کینیڈا کو سنسنی خیز مقابلے میں 3-2 سے شکست ، اسپین، جاپان، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، آسٹریلیا اور برطانیہ بھی کامیاب

بلغراد: ورلڈ نمبرون سربیا کے نووک جوکووک ڈیوس کپ کے ریورس سنگلز میں کینیڈین حریف میلوس راؤنک کیخلاف گیند ریٹرن کررہے ہیں، ان کی ٹیم نے ٹائی 3-2 سے جیت کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ فوٹو: اے ایف پی

عالمی نمبرون نووک جوکووک نے سربیا کو ڈیوس کپ فائنل کا ٹکٹ دلوادیا، 2010 کے چیمپئن سربیا نے سیمی فائنل میں کینیڈا کو 3-2 سے شکست دے دی۔

فیصلہ کن معرکے میں ان کا مقابلہ دفاعی چیمپئن جمہوریہ چیک سے ہوگا، جس نے ارجنٹائن کیخلاف دوسرے سیمی فائنل میں 3-2 سے فتح پائی، اسپین ، جاپان، جرمنی ، سوئٹزرلینڈ، آسٹریلیا، نیدر لینڈز نے اپنے مقابلے جیت کر 2014 کے ورلڈ گروپ میں جگہ برقرار رکھی، ورلڈ گروپ پلے آف میں ناکام ممالک کو آئندہ برس زون گروپس میں کھیلنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی نمبرون نووک جوکووک سے سجی سربین ٹیم نے کینیڈا کو ڈیوس کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں 3-2 سے شکست دے دی، اتوار کو منعقدہ ریورس سنگلز میں جوکووک نے میلوس راؤنک کو 7-6(7/1)، 6-2 اور 6-2 سے مات دی، جانکو تیپسرووچ نے دوسرے مہمان پلیئر ویساک پوسپیسل کو 7-6(7/3)، 6-2 اور 7-6(8/6) سے زیر کرلیا۔ رافیل نڈال کی فتح نے اسپین کو ورلڈ گروپ میں برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انھوں نے گذشتہ شب ڈبلز میں مارک لوپز کے ہمراہ کامیابی حاصل کرکے یوکرین کیخلاف ٹیم کو 3-0 کی فیصلہ کن برتری دلوادی تھی، تاہم ریورس سنگلز میں بھی مارک لوپز اور فرنانڈو ورڈاسکو نے کامیابی کی بدولت ٹائی کا نتیجہ 5-0 سے اپنے حق میں کرلیا۔ ٹوکیو میں ورلڈ نمبرون 12 کائی نیشکوری نے ڈیوس کپ میں عمدہ پرفارمنس دیتے ہوئے جاپان کو دوبارہ ڈیوس کپ ورلڈ گروپ میں شامل کرادیا، جاپان نے پلے آف ٹائی میں کولمبیا کیخلاف خسارے میں جانے کے باوجود دونوں اختتامی ریورس سنگلز جیت کر 3-2 سے نتیجے اپنے حق میں کرلیا، نیشکوری کو رواں ماہ یوایس اوپن کے ابتدائی راؤنڈ میں شکست کا سامنا رہا تھا لیکن انھوں نے اس کو خود پر طاری کرنے کی بجائے ہوم ایونٹ میں عمدہ کھیل پیش کرکے ملک کو کامیابی دلاکر اس کا ازالہ کردیا۔




نیشکوری نے پہلے ریورس سنگلزمیںمہمان حریف سانتیاگو گیرالڈو کو 1-6، 6-2 اور 6-4 سے مات دیکر ٹائی کو برابری پر پہنچایا اس کے بعد ان کے ہموطن گو سوئیڈا نے حواس کو قابو میں رکھتے ہوئے اختتامی مقابلے میں الیجاندرو فالا کو 4-6، 6-4، 6-3 اور 6-3 سے جالیا، ان کی فتح پر جاپانی پلیئرز نے گراؤنڈ میں جشن منانا شروع کردیا اور سوئیڈا کو کندھوں پر اٹھالیا، سوئیڈا کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن 123 ہے ، مقابلے کو دیکھنے کیلیے 7 ہزار شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے، جاپانی ٹیم کے کپتان منیرو یوئیڈا نے کہا کہ یہ پلیئرز دنیا کے بڑے مقابلوں میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔

سوئیڈا نے ہمارے اعتماد پر پورا اترکر اس کو ثابت بھی کردکھایا ہے۔ورلڈ گروپ پلے آف کے دیگر مقابلوں میں جرمنی نے برازیل پر 4-1 سے غلبہ حاصل کرلیا، آسٹریلیانے پولینڈ کو اسی مارجن سے مات دی، ایکواڈور کیخلاف سوئٹزرلینڈ کی جیت کا اسکور بھی 4-1 رہا، برطانیہ بھی کروشیا پر 4-1 سے غالب رہا، نیدرلینڈز نے آسٹریا کو 5-0 سے آؤٹ کلاس کردیا، بیلجیئم نے اسرائیل کو 3-2 سے پچھاڑ دیا۔ تائپے میں انڈونیشیا کیخلاف چائنیز تائپے نے 5-0 سے کلین سوئپ کرلیا، ابتدائی سنگلز اور ڈبلز میں فتح کے بعد اتوار کو منعقدہ ریورس سنگلز میں میزبان پلیئر ہوانگ لیانگ چی نے انڈونیشیا کے وشنو ایڈی نوگورو کو 6-0، 6-1 اور 6-3 سے مات دی جبکہ ان کے ہموطن چین ٹی نے کرسٹوفر رنگٹ کو 6-2، 6-3 اور 6-1 سے زیر کرلیا۔
Load Next Story