باکسنگ فلوئیڈ مے ویدر نے سول الوریز کو پچھاڑ دیا

ڈینی گارشیا بھی اعزاز کے دفاع میں سرخرو، کارلوس مولینا کی بھی ٹائٹل فتح

لاس ویگاس: امریکی باکسر فلوئیڈمے ویدر میکسیکن حریف الوریز کو پنچ رسید کررہے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز

فلوئیڈ مے ویدر نے میکسیکن حریف سول الوریز کو اکثریتی فیصلے کی بنیاد پر شکست دیدی۔

اس فتح کی بدولت انھوں نے سپر ویلٹر ویٹ یونیفائیڈ ورلڈ ٹائٹل بھی اپنے قبضے میں کرلیا، اس کامیابی کیساتھ ہی 36 سالہ امریکی باکسر مے ویدر کی فتوحات کا سلسلہ 45 فائٹس تک دراز ہوگیا، وہ باکسنگ تاریخ میں سب سے زیادہ 41 ملین امریکی ڈالر بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے، انھوں نے پوری فائٹ میں اپنی مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے حریف الوریز پر غلبہ حاصل کیے رکھا، ایک جج نے حیران کن طور پر117-117 سے مقابلہ کو برابر خیال کیا البتہ دیگر دو نے 117-111 اور 116-112 سے فیصلہ امریکی باکسر کے حق میں صادر کیا۔




دوسری جانب ڈینی گارشیا نے اپنے ڈبلیو بی سی اور ڈبلیو بی اے سپر لائٹ ویٹ ٹائٹلز کا دفاع کامیابی سے کرلیا، انھوں نے چیلنجر لوکاس میتھائس کیخلاف متفقہ فیصلے میں فتح پائی، ایک جج نے انھیں 115-111 سے فاتح قرار دیا جبکہ دیگر دوکا فیصلہ ان کے حق میں 114-112 اور 114-112 رہا۔

ان کے علاوہ کارلوس مولینا نے آئی بی ایف جونیئر مڈل ویٹ ٹائٹل فائٹ میں ایش اسمتھ کیخلاف منقسم فیصلے میں جیت حاصل کرلی، 30 سالہ مولینا اپنے 12 سالہ باکسنگ کیریئر میں پہلا بڑا ورلڈ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوپائے ہیں۔
Load Next Story