سوچا بھی نہیں جا سکتا کہ عمران فاروق نئی جماعت بنانا چاہتے تھے خالد مقبول

وہ قائدتحریک کے سچے ساتھی تھے جن کی وفاداری پر شک کی گنجائش نہیں،رہنما متحدہ

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے تحت ڈاکٹر عمران فاروق کی تیسری برسی کے موقع پر لال قلعہ گرائونڈ میں فاتحہ خوانی کی جارہی ہے، اسٹیج پر رابطہ کمیٹی کے ارکان موجود ہیں ۔فوٹو : ایکسپریس

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے کہاہے کہ شہیدانقلاب ڈاکٹرعمران فاروق ہمت و استقامت کی علامت تھے،وہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اورتحریک کے سچے اورمخلص رہنما تھے جن کی وفاداری کے بارے میں یہ سوچابھی نہیں جاسکتاکہ وہ علیحدہ تنظیم بنانا چاہتے تھے۔

ان خیالات کا اظہارانھوں نے پیر کولال قلعہ گراؤنڈ عزیزآبادمیں ڈاکٹر عمران فاروق شہیدکی تیسری برسی کے مو قع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پرشہید انقلاب ڈاکٹرعمران فاروق کی والدہ ،بہنیں ، اراکین رابطہ کمیٹی اورایم کیوایم کے شعبہ جات کے ارکان،دیگرذمے داران وکارکنان بھی موجودتھے۔ ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے کہاکہ ڈاکٹرعمران فاروق شہیدہمت و استقامت کی علامت رہے ہیں جن سے اس تحریکی جدوجہدمیں ہم نے بہت کچھ سیکھاہے اوروہ کارکنان کیلیے ایک ماڈل کادرجہ رکھتے تھے۔

جوعناصرحق پرستی کی جدوجہدکے دشمن تھے ،وہ ڈاکٹرعمران فاروق بھائی کوہمیشہ اپنا دشمن سمجھتے تھے۔وہ انقلاب جس کوبرپاکرنے کیلیے ہزاروں شہیدوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، ڈاکٹر عمران فاروق نے اس انقلاب کوبرپاکرنے کیلیے اپنی جان کی قربانی دی۔ میڈیا کے رویئے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ میڈیا کاایم کیوایم کے حوالے سے جورویہ رہاہے وہ سب کے سامنے ہے۔ انشاء اللہ آخری فتح حق وسچ کی ہوگی اورسچائی ابھر کرسامنے آئے گی۔میڈیاسے ڈاکٹرعمران فاروق کے والدمحترم فاروق احمدنے بھی گفتگوکی اورکہاکہ تین سال پہلے میں اورمیریاہلیہ (عمران شہیدکی والدہ) لندن اسکاٹ لینڈیارڈگئے تھے جہاں اسکاٹ لینڈیارڈوالوں نے ہم سے پوچھاکہ آپ کوکسی پرشک ہے توہم نے انکارکردیا۔

انھوں نے کہاکہ اسکاٹ لینڈیارڈ والوں نے ہم سے دریافت کیاکہ آپ کوالطاف حسین پرشک ہے؟ توہم نے صاف انکار کردیااورکہاکہ ہمیں کسی پرشک نہیں۔اس موقع پررکن رابطہ کمیٹی حیدرعباس رضوی نے کہاکہ بعض لوگ خواہش کو خبربناناچاہتے ہیں،کبھی کبھی وہ کامیاب بھی ہوتے ہیںتاہم ڈاکٹرعمران فاروق بھائی جیساانسان جس تحریک کا حصہ ہوجو شہیدانقلاب کادرجہ بھی رکھتے ہوں،اس کو نقصان پہنچاناممکن نہیں۔دریں اثناایم کیوایم کے سینئررہنماء شہیدانقلاب ڈاکٹرعمران فاروق شہیدکی تیسری برسی پاکستان سمیت دنیابھرمیں انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی ۔اس سلسلے میں پاکستان بھر میں40سے زائد شہروںمیں قائم ایم کیوایم مرکزی،صوبائی،ضلعی اورزونل دفاترمیں کارکنان کی جانب سے برسی کے اجتماعات منعقدکیے گئے ۔




جس میں شہیدڈاکٹر عمران فاروق کی روح کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی گئی۔تیسری برسی کے سلسلے میںمرکزی اجتماع لال قلعہ گراؤنڈعزیزآبادمیں منعقدہواجس میں ڈاکٹر عمران فاروق کے والدفاروق احمد،والدہ بیگم فاروق احمد،شہیدکی بہنیں،ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،ڈاکٹرنصرت،انجینئر ناصر جمال ،اراکین رابطہ کمیٹی انیس احمدقائمخانی،واسع جلیل،حیدرعباس رضوی، سید امین الحق،یوسف شاہوانی،عادل خان، نثار احمد پنہور، حق پرست اراکین سینیٹ ، قومی وصوبائی اسمبلی،شعبہ جات کے ارکان،سیکٹرزاوریونٹ کمیٹیوںکے عہدیداران وکارکنان نے بہت بڑی تعدادمیںشرکت کی اورڈاکٹرعمران فاروق شہید کو ان کی تنظیمی خدمات پرزبردست خراج عقیدت وسلامِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پرمعروف عالم دین اورمذہبی اسکالرمولاناتنویرالحق تھانوی نے انتہائی خشوع وخضوغ سے دعاکرائی۔بعدازاںرابطہ کمیٹی کے ارکان نے منتخب اراکین اسمبلی اورایم کیوایم کے شعبہ جات کے ارکان کے ہمراہ شہید انقلاب ڈاکٹرعمران فاروق شہیدکی رہائشگاہ پرمنعقدہ برسی کے اجتماع اورشہداء قبرستان کادورہ کیااورڈاکٹرعمران فاروق شہیدسمیت تمام شہداء کی قبروںپرحاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

کراچی کی طرح اندرون سندھ حیدر آباد، میرپور خاص، سکھر،عمرکوٹ،لاڑکانہ، کشمور، جیکب آباد، نوابشاہ، خیرپور، قمبر شہدادکوٹ، شکار پور ، نوشہرو فیروز ، سانگھڑ ،ٹنڈوالہیار ، جامشورو، بدین، گھوٹکی، دادو ، سینٹرل پنجاب ،اپرپنجاب اورجنوبی پنجاب کے مختلف شہروں،صوبہ خیبرپختونخواہ، بلوچستان اورگلگت بلتستان سمیت آزاد کشمیر کے مختلف شہروںمیں بھی شہیدانقلاب ڈاکٹرعمران فاروق شہیدکی تیسری برسی کے سلسلے میں قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقدکیے گئے۔علاوہ ازیں ڈاکٹرعمران فاروق شہیدکی تیسری برسی گزشتہ روزایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام لندن میںمنائی گئی۔ اس سلسلے میں لندن کے علاقے ایجویئر کے واٹلنگ کمیونٹی ہال میں قرآن خوانی کااجتماع منعقدکیاگیا۔ اجتماع میں لندن ، برمنگھم، مانچسٹر، شیفیلڈ،کوونٹری اور دیگر علاقوں سے ایم کیوایم کے کارکنوں، خواتین ،بزرگوں اوربچوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔ اس موقع پر پاکستان کے استحکام، ترقی وخوشحالی، ایم کیوایم کے خلاف کی جانے والی سازشوں کی ناکامی اورقائدتحریک الطاف حسین کی درازی عمرکیلئے دعائیں کی گئیں۔
Load Next Story