کامن ویلتھ گیمز سے ہاکی کا اخراج پی ایچ ایف کی ہٹ دھرمی وجہ بنی سابق اسٹارز

حکام کی عدم دلچسپی سے جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑا،نجانے اب مزیدکتنی سبکی ہو گی، اصلاح

حکومت کھیل کے معاملات میں تبدیلی لائے، شہناز فوٹو: فائل

PESHAWAR:
2014 کامن ویلتھ گیمز سے پاکستانی ہاکی ٹیم کے اخراج کی وجہ سابق ہاکی اولمپیئنز نے پی ایچ ایف کی ہٹ دھرمی کوقرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ حکام بار بار یاد دہانی کے باوجود منتظمین کو شرکت کی تصدیق کرنے میں ناکام رہے، انھیں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی منظور شدہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے توسط سے رابطہ کرنا تھا لیکن چونکہ وہ اسے تسلیم نہیں کرتی لہٰذا بھیجے گئے دعوت نامے کو خاطر میں نہیں لائی۔ سابق کپتان اصلاح الدین نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی عدم دلچسپی جگ ہنسائی کا سبب بنی، نہ جانے آنے والے دنوں میں مزید کتنی سبکی کا سامنا کرنا پڑے گا، انھوں نے کہا کہ فیڈریشن کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق قومی اولمپک کمیٹی کے توسط سے کی جاتی ہے۔




اس کے باوجود حکام اس بات کو اہمیت دینے کے لیے تیار نہیں تھے، نتیجہ یہ نکلا کہ ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کے بعد اب کامن ویلتھ گیمز میں بھی شرکت سے محروم ہوگئی،اصلاح الدین نے کہا کہ وقت آ گیاکہ حکومت پاکستانی ہاکی کے معاملات پر فوری توجہ دے اور کھیل کا کھویا ہوا وقار بحال کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ سابق اولمپیئن شہناز شیخ نے کہا کہ قوم ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کے صدمے سے ابھی نہیں نکلی کہ کامن ویلتھ گیمز کا معاملہ سامنے آ گیا، یہ فیڈریشن کا ایک اور 'کارنامہ' ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کے کرتادھرتاؤں سے ہاکی سنبھلتی نہیں اور وہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے معاملات میں کود پڑے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ظاہر ہے خوش ہوئی ہوگی کہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت نہ کر کے ایک اور ہزیمت سے بچ گئی۔ انھوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ پاکستانی ٹیم اولمپکس میں شرکت سے بھی محروم ہوجائے، حکومت کو ہاکی کے معاملات میں تبدیلی لانی ہوگی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عارف حسن نے کہا کہ میں نے منتظمین سے ایک سے زائد بار گیمز میں شرکت کی ڈیڈلائن آگے بڑھانے کے لیے درخواست کی، میری تمام تر کوششوں کے باوجود پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے بارے میں اپنی رضامندی سے آگاہ نہیں کیا، اس عدم دلچسپی کا نتیجہ اب سب کے سامنے ہے۔
Load Next Story