سندھ محتسب کی تقرری توسیع میں گورنر کا اختیار ختم کرنیکا فیصلہ

محکمہ قانون نے محتسب ایکٹ میں ترامیم کامسودہ تیار کرلیا، سندھ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا

صوبائی محتسب آفس کے انتظامی امور کے براہ راست نگراں گورنر کے بجائے اب وزیراعلیٰ سندھ ہونگے۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے گورنر سے ایک اور اختیار واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ صوبائی محتسب کی تقرری اور توسیع میں گورنر کا اختیارختم کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ قانون نے صوبائی محتسب کے قانون میں ترامیم کامسودہ تیار کرلیاہے جسے سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، صوبائی محتسب آفس کے انتظامی امور کے براہ راست نگراں گورنر کے بجائے اب وزیراعلیٰ سندھ ہوںگے۔


صوبائی محتسب ایکٹ میں8سے زائدترامیم کی جارہی ہیں سندھ کابینہ کے کل ہونے والے اجلاس میں صوبائی محتسب قانون کا ترمیمی مسودہ پیش کیاجائے گا، مجوزہ ایکٹ کے تحت صوبائی محستب کی تقرری، توسیع کا طریقہ کار تبدیل کردیاجائے گا، گورنر سندھ کے بجائے وزیراعلیٰ صوبائی محتسب آفس کے امور دیکھیں گے، صوبائی محتسب گورنر کے بجائے وزیراعلیٰ کو کارکردگی رپورٹ پیش کرے گا۔

واضح رہے کہ جامعات اور خودمختار تعلیمی اداروں میں بھی گورنر کا انتظامی کردار ختم کیاجاچکاہے سندھ کی جامعات میں گورنر کے بجائے وزیراعلیٰ کو چانسلر اور دیگر انتظامی اختیارات دیے گئے ہیں۔
Load Next Story