کراچی میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتیں کے الیکٹرک نیپرا و دیگر کو نوٹس

کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث20افرادجاں بحق ہوئے، درخواست گزار، چیئرمین کے الیکٹرک کو پیش ہوکر وضاحت کرنے کا حکم

تیموریہ تھانے میں مقدمہ دفعہ 322 کے تحت درج کیا گیاہے، جس پر بھی جرم ثابت ہوجائے تو وہ دیت ادا کرنے کا ذمے دار ہوتا ہے فوٹو:فائل

سندھ ہائیکورٹ نے بارش میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں سے متعلق درخواست پر کے الیکٹرک، نیپرا، چیف سیکریٹری سندھ اور ایڈمنسٹریٹر لوکل گورنمنٹ کو نوٹس جاری کردیے۔

جمعے کے روز جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس محمود اے خان پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو بارش میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں سے متعلق کے الیکٹرک کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔


درخواست گزار وکلا نے موقف اپنایاکہ کے الیکٹرک کی غفلت اور انفرا اسٹرکچر کی کمزوری کے باعث 20 افراد جاں بحق ہوئے۔ کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں کو بجلی کے ساتھ تحفظ دینے میں ناکام رہی۔ نیپرا نے بھی نااہلی کا مظاہرہ کیا۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کا لائسنس معطل کرنے کے بجائے صرف رپورٹ طلب کی ہے۔ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے۔ عدالت مرنے والے افراد کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دلوائے۔

عدالت نے موقف سننے کے بعد کے الیکٹرک، نیپرا، چیف سیکریٹری سندھ اور ایڈمنسٹریٹر لوکل گورنمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقوں سے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ریمارکس دیے کہ کے الیکٹرک کا انفرااسٹرکچر بہتر کیوں نہیں ہوا۔ عدالت نے چیئرمین کے الیکٹرک کو پیش ہوکر وضاحت کرنے کا حکم دے دیا۔ درخواست عرفان عزیز اور عاصم عزیز ایڈووکیٹس نے درخواست دائر کی ہے۔
Load Next Story