ایس ای سی پی نے سنگل ممبرکمپنیزرولزمیں ترامیم تجویزکردیں

رجسٹریشن کیلیے متبادل ڈائریکٹرکے بجائے صرف کمپنی کے قانونی وارث کو نامزدکیاجائیگا

کارپوریٹ باڈی سنگل ممبرکمپنی قائم کرسکے گی،نان ممبر ڈائریکٹر کا تصور بھی متعارف فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے معیشت کو دستاویزی شکل دینے اور کارپوریٹ سیکٹر کے فروغ کے پیش نظر سنگل ممبر کمپنیز رولز 2003میں ترامیم کی تجویز دیدی۔

بدھ کو جاری اعلامیے کے مطابق ملک میں 1ہزار 672 سنگل ممبر کمپنیاں رجسٹر ہیں جو کارپوریٹ پورٹ فولیو کے صرف 2.6فیصد کے برابر ہیں، ملک میں سنگل ممبر کمپنیوں کے رجسٹریشن کے رجحان میں سست روی کے پیش نظر ایس ای سی پی نے سنگل ممبر کمپنیوں کے لیے 2003 میں متعارف کردہ قوانین کو مزید آسان بنانے کے لیے تجاویز مرتب کی ہیں۔

سنگل ممبر کمپنی رولز 2003 کے مطابق کمپنی رجسٹریشن کے لیے نامزد ڈائریکٹر اور متبادل ڈائریکٹرز کے کوائف کی فراہمی لازمی ہے جبکہ ساتھ ہی نامزد متبادل ڈائریکٹر کی طرف سے اقرار نامہ بھی جمع کرانا ضروری ہے۔




مجوزہ ترامیم میں اب سنگل ممبر کمپنی کی رجسٹریشن کے لیے متبادل ڈائریکٹرکو نامزد کرنے کے بجائے صرف کمپنی کے قانونی وارث کو نامزد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جو کمپنی کے مالک کے انتقال کی صورت میں کمپنی کاقانونی وارث ہو گا جبکہ کمپنی کے قانونی وارث کو منتقلی کا طریقہ کار بھی تجویز کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق نئی ترامیم میں اب کارپوریٹ باڈی کو بھی سنگل ممبر کمپنی قائم کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ2003 کے رولز کے مطابق صرف انفرادی شخض ہی سنگل ممبر کمپنی رجسٹر کر سکتے ہیں۔ مجوزہ ترامیم میں سنگل ممبر کمپنی کے لیے نان ممبر ڈائریکٹر کا تصور بھی متعارف کرایا گیا ہے، نان ممبر ڈائریکٹر ایسا شخص ہوگا جسے ایک کارپوریٹ باڈی، حکومت یا سنگل ممبر کمپنی کا مالک کمپنی کے معاملات چلانے کے لیے نامزد کرے گا، سنگل ممبر کمپنیوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ 2003 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت انفرادی ملکیت کے حامل کاروباری اداروں کوکارپوریٹ یونٹ کی شکل دینے کیلیے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی تھی، سنگل ممبر کمپنی انفرادی مالک جبکہ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کی رجسٹریشن کیلیے کم از کم 2 اور پبلک لمیٹڈ کمپنی کیلیے 3 ڈائریکٹرز کی نامزدگی ضروری ہے۔
Load Next Story