خلیجی ممالک میں گوشت کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے بکرے گائےبھینساونٹ کراچی سے اسمگل کیے جارہے ہیں

ملک میں گوشت کی قیمتوں میںاضافہ ہوگیا،لانچوں کے ذریعے اسمگلنگ میںکسٹم سمیت دیگراداروں کے اہلکار ملوث ہیں، ذرائع

ملک میںگوشت کی قیمتوں میںاضافہ ہوگیا،لانچوں کے ذریعے اسمگلنگ میںکسٹم سمیت دیگراداروں کے اہلکار ملوث ہیں، ذرائع (فوٹو فائل)

KARACHI:
خلیجی ممالک میں گوشت کی قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں سے بڑے پیمانے پر مال مویشیوں کو کراچی لایا جارہا ہے جنھیں بعدازاں کراچی کے راستے بیرون ملک اسمگلنگ کیا جارہاہے جس کے نتیجے میں نہ صرف ملک میں گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک میں جانوروں کی قلت بھی پیدا ہوجائے گی،مال مویشیوں کی اسمگلنگ روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے دفعہ 144کے تحت پابندی لگا رکھی گئی ہے تاہم اس حکم نامے پر عمل درآمد ہوتا نظر نہیں آتا ہے،


اسمگلنگ کیے جانے والے جانوروں میں گائے بھینس، اونٹ بکرے و دیگر ممالیہ جانور شامل ہیں ،ذرائع کے مطابق کراچی لائے جانے والے جانوروں کو کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ کے نزدیک رکھا جاتاہے جنھیں ٹرکوں کے ذریعے براستہ حب چوکی گوادر بلوچستان روانہ کیا جاتاہے جبکہ اسی طرح ان مال مویشیوں کو کراچی کے ساحل سے خلیجی ممالک جانے والی لانچوں کے ذریعے اسمگل کیا جارہاہے ، بدھ کے روز کراچی کے زمینی راستے سے پچاس سے زائد ٹرک مال مویشی لے کر بلوچستان کے علاقے روانہ ہوئے ہیں جبکہ اسی طرح کراچی کی بندر گاہ گھاس بندر سے جانے والی لانچوں سے بھی سیکڑوں کی تعداد میں گائے ،بھینس، بکرے سمیت دیگر ممالیہ جانوروں کوبھیجا گیا ہے،

ٹرک ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ مال مویشیوں کو ملک کے مختلف حصوں سے لایا جاتاہے اور انھیں لانے کا کرایہ دیا جاتاہے انھیں اس سے غرض نہیں کہ یہ جانور کہاں لے جائے جارہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہر ہفتے تقریباً پچاس سے سو ٹرک جس پر سیکڑوں کی تعداد میں جانور ہوتے ہیں انھیں لایا جاتاہے، ذرائع کے مطابق لانچوں کے ذریعے جانوروں کو بیرون ملک لے جانے کے عوض لاکھوں روپے فی لانچ مبینہ طور پر رشوت دی جاتی ہے، جس میں کسٹم سمیت دیگر اداروں کے اہلکار ملوث بتائے جاتے ہیں ، کراچی سے پابندی کے باوجود بڑے پیمانے پر مال مویشیوں کی اسمگلنگ کے باعث ملک میں نہ صرف گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ عید الاضحیٰ کے موقع پر جانورون کی قلت کا بھی امکان ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story