اسکواش عامر اطلس اور دانش کو اپ سیٹ شکست

ٹاپ سیڈ ناصر اقبال مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے، ٹاپ سیڈ ثمر انجم سمیت دیگر سیڈڈ کھلاڑی ویمنز سنگلزایونٹ کے۔۔۔

ٹاپ سیڈ ناصر اقبال مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے، ٹاپ سیڈ ثمر انجم سمیت دیگر سیڈڈ کھلاڑی ویمنز سنگلزایونٹ کے فائنل فور میں شامل ہو گئیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ٹاپ سیڈ ناصر اقبال اپنے حریف کو شکست دے کر7ویں ڈی جی رینجرز سندھ اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

قومی چیمپئن عامر اطلس اور ان کے چھوٹے بھائی تھرڈ سیڈ دانش اطلس کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا، ٹاپ سیڈ ثمر انجم سمیت دیگر سیڈڈ کھلاڑی بھی ویمنز سنگلزایونٹ کے فائنل فور میں داخل ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے تحت سندھ رینجرز جہانگیرخان اسکواش کمپلکس میں جاری 13 ہزار ڈالرز کی مالیت کی چیمپئن شپ کے مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں واپڈا کے ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے آرمی کے بلال ذاکر کو 20 منٹ میں ہی زیر کر لیا، بلال پہلا گیم 6-11 سے ہارنے کے بعد دوسرے گیم کے دوران پٹھا چڑھنے کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر کورٹ سے باہر چلے گئے۔




قومی چیمپئن اور سیڈ 2 واپڈا ہی کے عامر اطلس خان کوپنجاب کے سیڈ 6 شیخ ثاقب نے47 منٹ کے مقابلے میں11-3، 13-11، 15-11 اور 11-4 سے قابو کرکے سیمی فائنل کیلیے راہ ہموار کرلی،ان کا مقابلہ جمعے کو سیڈ 7 پنجاب ہی کے طیب اسلم سے ہوگا جنھوں نے کوارٹر فائنل میں عامر کے چھوٹے بھائی اور سیڈ 3 دانش اطلس(کے پی کے) کو سخت مقابلے میں 3-2 سے مات دے کر چیمپئن شپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا، طیب نے اپنے حریف کو 89 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 13-14، 11-3، 9-11، 11-5 اور 11-7 سے شکست دی، چوتھے کوارٹر فائنل میں سیڈ 4 فرحان زمان (پی اے ایف) نے سیڈ 5 فرحان محبوب (واپڈا) کو 25 منٹ میں 12-10، 11-2 اور 11-2 سے زیر کرلیا۔

وہ سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ ناصر اقبال کے خلاف صف آرا ہوں گے، ویمنز سنگلز کا پہلا سیمی فائنل ٹاپ سیڈ ثمرانجم (پنجاب) اورسیڈ4 روشنا محبوب (سندھ) اوردوسرا سیمی فائنل سیڈ 2 زوہا خالد(زیڈ ٹی بی ایل) اور سیڈ 3 مقدس اشرف(واپڈا) کے درمیان کھیلا جائے گا، قبل ازیں کوارٹر فائنل میں ثمر انجم نے سیڈ 6 رفعت خان(زیڈ ٹی بی ایل) کو40 منٹ میں 3-1 سے ہرایا، زوہا خالد نے مدینہ ظفر(سندھ) کو 55 منٹ کی تگ و دو کے بعد 3-2 سے شکست دی،مقدس اشرف نے سیڈ 5 صائمہ شوکت(واپڈا) کو27 منٹ میں 3-0 اور روشنا محبوب نے سیڈ 8 عالیہ سرفراز(واپڈا) کومحض21 منٹ میں 3-0 سے زیرکیا۔
Load Next Story