کچھ قوتیں 18 ویں ترمیم رول بیک کرنا چاہتی ہیں رضا ربانی

آئین میں مزید اصلاحات کی گنجائش ہے، صوبوں کو تمام اختیارات منتقل ہونا چاہئیں

وسائل پر عوام کی ملکیت تسلیم کی جائے، سیمینار سے نثار کھوڑو، تاج حیدر و دیگر کا خطاب۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ آج کچھ قوتیں 18 ویں ترمیم کو رول بیک کرنا چاہتی ہیں، یہ جمہوری قوتوں اور صوبوں کی ذمے داری ہے کہ وہ 18 ویں ترمیم کی حفاظت کریں، آئین میں مزید اصلاحات کی گنجائش ہے۔

وہ جمعرات کو مقامی ہوٹل میں '' وفاقیت ، صوبائی خودمختاری اور 18ویں ترمیم '' کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ سیمینار اسپیکر سندھ اسمبلی نے یو این ڈی پی پارلیمنٹری سپورٹ پروگرام کے اشتراک سے منعقد کیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ آئین میں اصلاحات کی ہمیشہ گنجائش رہتی ہے تاہم یہ اصلاحات متفقہ طور پر منظور کی جانی چاہئیں، 18 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد صوبوں کو خود مختاری حاصل ہوگئی ہے تاہم صوبوں کو تمام اختیارات منتقل ہونا چاہئیں۔




پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد اب تک صوبوں کو اختیارات منتقل نہیں کیے گئے اگر یہ اختیارات مل جائیں تو ملک یورپ کی طرح ترقی کرے گا، تمام صوبوں کے وسائل وہاں کی عوام کوملناچاہئیں اور وسائل پر عوام کا حق ملکیت تسلیم کیاجانا چاہیے، زرعی ٹیکس اس لیے نہیں لگ سکا کہ ملک میں قابل کاشت اراضی کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ صوبوں کو خودمختاری دینے کے لیے تمام جماعتوں کو متفقہ کوشش کرنا ہو گی، سندھ میں رائج نصاب کو کو جلد تبدیل کردیا جائے گا۔ سیمینار سے قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، فنکشنل لیگ کی نصرت سحر عباسی، تحریک انصاف کے حفیظ الدین اور دیگراراکین اسمبلی نے بھی خطاب کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story