سلطان آف جوہر کپ پاکستان کا فاتحانہ آغاز جنوبی کوریا کو پچھاڑ دیا

گرین شرٹس3-0سے فتحیاب‘ دلبرحسین نے 2 گول بنائے ، ایک مرتبہ محمد عمیر گیند کوجال کا راستہ دکھانے میں کامیاب

افتتاحی میچ میں مضبوط حریف کے خلاف کامیابی سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔کپتان۔ فوٹو: فائل

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے سینئرز کا بدلہ لے لیا، کوریا کو یکطرفہ مقابلے میں3-0 سے زیر کر کے سلطان آف جوہر کپ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔

گرین شرٹس کی طر ف سے دلبر حسین2 گول کرنے میں کامیاب رہے جبکہ محمد عمیر نے ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ دوسرے مقابلوں میں بھارت نے انگلینڈ اور میزبان ملائیشیا نے ارجنٹائن کو شکست دی۔ چیف کوچ منظور الحسن اور کپتان عمر بھٹہ کا کہنا ہے کہ افتتاحی میچ میں مضبوط حریف کے خلاف کامیابی سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ایونٹ کے آئندہ مقابلوں میں بھی شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستانی ٹیم پیر کو انگلینڈ کیخلاف صف آرا ہوگی۔تفصیلات کے مطابق 22 سے29 ستمبرتک تیسرے سلطان آف جوہر کپ کے باقاعدہ مقابلوں کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی روز 3 مقابلوں کا انعقاد ہوا جس میں پاکستانی ٹیم کوریا کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے ہرانے میں کامیاب رہی۔

ملائیشیا کے شہر جوہر بارو کے تمن دایا ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے آغاز میں ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز اپنایا اور ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی،کھیل کے 13 ویں منٹ میں کوریا کی ٹیم پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی لیکن پاکستان کے گول کیپر نے حریف سائیڈ کے اس حملے کو ناکام بنا دیا، بعد میں ملنے والے 2 مزید شارٹ کارنرز سے بھی کورین ٹیم فائدہ نہ اٹھا سکی،اس دوران پاکستان فارورڈز نے بھی چند خطرناک مووز بنائیں اور مخالف ٹیم کی ڈی سے گیند کو جال کی میں پھینکنے کی کوششیں کی لیکن ان کی راہ میں کورین گول کیپر لی سی ینگ آڑے آتے رہے۔جب پہلا ہاف ختم ہوا تو اسکور بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ پہلے ہاف کی نسبت دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے قدرے بہترکھیل پیش کیااور 48 ویں منٹ میںپاکستانی ٹیم اس وقت پہلا گول کرنے میں کامیاب ہو گئی جب محمد دلبر نے کورین دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے گیند کو جال میں پھینک دیا، صرف پانچ منٹ بعد محمد عمیر نے ایک اور گول کر کے پاکستانی ٹیم کی برتری دگنی کر دی۔




کورین اٹیک نے یہ خسارہ کم کرنے کی پوری کوشش کی لیکن پاکستانی دفاعی کھلاڑی حریف ٹیم کے آگے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔ کھیل کے 63 ویں منٹ میں محمد دلبر پاکستان ٹیم کی طرف سے تیسرا گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسرے میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے ہرایا جبکہ ملائیشیا نے ارجنٹائن کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی، پیر کو ایونٹ میں مزید3 مقابلے ہوں گے۔ پاکستان ٹیم کا مقابلہ انگلینڈ کے ساتھ ہوگا۔ بھارتی ٹیم ارجنٹائن کو بھی زیر کر کے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی جبکہ ملائیشیا کا میچ کوریا کے ساتھ شیڈول ہے۔ دوسری جانب چیف کوچ منظور الحسن کا کہنا ہے کہ افتتاحی میچ میں مضبوط حریف کے خلاف کامیابی سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ایونٹ کے آئندہ مقابلوں میں بھی شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کوریا کے خلاف پہلے ہاف میں ہماری ٹیم زیادہ بہتر کھیل پیش نہ کر سکی تاہم دوسرے ہاف میں پلیئرز نے بہترین کارکردگی دکھا کر حریف ٹیم کیخلاف کامیابی حاصل کی۔انھوں نے کہا کہ یہ میچ کا اچھا نتیجہ ہے، کھلاڑی اسی طرح کا کھیل پیش کرتے رہے تو مجھے امید ہے کہ ہم ایونٹ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہیں گے۔ پاکستان کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ افتتاحی میچ میں کامیابی خوش آئند ہے تاہم ہماری اصل منزل ایونٹ میں پہلی پوزیشن کا حصول ہے۔ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ اگرچہ ہم نے کافی عرصے سے انگلینڈ کے خلاف میچ نہیں کھیلا لیکن مجھے پوری امید ہے کہ ہم کوریا کی طرح انھیں بھی ہرا کر مکمل تین پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
Load Next Story