اسٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار شیئرز کی مالیت سوا کھرب بڑھ گئی

آرمی چیف کی مدت میں توسیع اورملک کے اقتصادی افق پر مثبت اطلاعات کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج میں تیزی برقرار رہی

انڈیکس کی30400پوائنٹس کی نفسیاتی حدبھی بحال، مجموعی طور پر 14 کروڑ 25 لاکھ 78 ہزار 880 شیئرز کے سودے ہوئے فوٹو: فائل

آرمی چیف کی مدت میں توسیع اورملک کے اقتصادی افق پرمثبت اطلاعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو دوسرے کاروباری سیشن میں نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی30400پوائنٹس کی نفسیاتی حدبھی بحال ہوگئی۔

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب72فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 1 کھرب 25 ارب 30 کروڑ 65 لاکھ 63 ہزار 509 روپے کا اضافہ ہو گیا۔


ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں نے ایس ای سی پی کے نئے چیئرمین کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ میں بہتری سے متعلق اقدامات کی توقعات پراپنی خریداری دلچسپی بڑھائی جس سے مارکیٹ گراف بلندی کی جانب گامزن رہا۔

کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی اور ایک موقع پر937 پوائنٹس تک کی تیزی بھی رونماہوئی تاہم اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ کے سبب تیزی کی مذکورہ شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی نتیجتاًکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 856 اعشاریہ 80 پوائنٹس کے اضافے سے 30419 اعشاریہ22 ہوگیا ۔
Load Next Story