فیس بُک پر سجا ’’عالمی افسانہ میلہ‘‘

دنیا بھر سے اردو کے افسانہ نگاروں اور قارئین کی شرکت

میلے کا حصہ بننے والے افسانے کتابی صورت میں شایع کیے جائیں گے فوٹو: اے ایف پی/ فائل

KARACHI:
سوشل ویب سائٹس محض رابطوں اور دل بہلانے ہی کا ذریعہ نہیں، اگر ان کا درست استعمال کیا جائے تو یہ علم وادب سمیت ہمارے شعور وآگاہی میں اضافہ کرنے والی اور مثبت اقدار کو فروغ دینے والی سرگرمیوں کا بھی وسیلہ بن سکتی ہیں۔

ایسی ہی ایک خوب صورت اور قابل ستائش سرگرمی فیس بُک پر بھی انجام پائی۔ یہ سرگرمی تھی اردو کے افسانہ نگاروں کا عالمی میلہ، جس میں دنیا بھر سے بیسیوں افسانہ نگاروں نے شرکت کی۔ فیس بُک پر سجنے والی اس محفل میں افسانوں کا مقابلہ کیا گیا، جس میں پاکستان، بھارت، امریکا، کینیڈا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بسنے والے اردو کے ادیبوں نے بھی حصہ لیا۔ اس مقابلے میں، جس کا انعقاد ''اردو افسانہ'' کے زیرعنوان بنانے جانے والے پیج کی انتظامیہ نے کیا تھا، سینیر اور پختہ کار افسانہ نگاروں کے ساتھ نوجوان افسانہ نویسوں نے بھی اپنی تخلیقات پیش کیں۔ مقابلے میں کُل ایک سو ایک افسانہ نگاروں نے شرکت کی۔


افسانہ نگاروں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے اردو ادب کے قارئین کی بہت بڑی تعداد نے بھی کمنٹس کے ذریعے شرکت کی۔ اس میلے کا ایک اہم پہلو مختلف افسانوں پر دی جانے والی سینیر ادیبوں اور باذوق قارئین کی تفصیلی تنقیدی آراء تھیں، جو خاص طور نوآموز افسانہ نگاروں مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔

اس عالمی میلے میں شامل ہونے والے افسانے مختلف ادبی جریدوں ''احساس'' (جرمنی)، ''شمس'' (آن لائن میگزین، لندن)، ''ثالث'' (بھارت) اور ''بازیافت'' (بھارت) پر بھی اپ لوڈ کیے جارہے ہیں۔ یہ افسانے ''دیدہ ور'' (امریکا) کے آئندہ شماروں کی زینت بنیں گے اور انھیں کتابی صورت میں بھی شایع کیا جائے گا۔n
Load Next Story