مینز ٹینس رینکنگنووک جوکووک کی پہلی پوزیشن برقرار

ویمنز میں رواں برس 9 ٹائٹلز جیتنے والی امریکی پلیئرنے 12260 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے

سرب اسٹارمینز درجہ بندی میں 11120 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر فائز ہیں۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
نئی عالمی ٹینس رینکنگ میں نووک جوکووک اور سرینا ولیمز کی ٹاپ پوزیشنز کو چیلنج کرنے کیلیے ابھی تک کوئی سامنے نہیں آیا۔

سرب اسٹارمینز درجہ بندی میں 11120 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر فائز ہیں، ویمنز میں رواں برس 9 ٹائٹلز جیتنے والی امریکی پلیئرنے 12260 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے، گذشتہ دنوں میٹز اے ٹی پی کی ٹرافی اپنے نام کرنے والے فرنچ پلیئر جائلز سیمون نے 2 درجے ترقی کے بعد 14ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو جاری شدہ نئی عالمی رینکنگ میں بھی نووک جوکووک اور سرینا ولیمز کی ٹاپ پوزیشنز برقرار رہیں، مینز رینکنگ میں سرب اسٹار بدستور پہلے، رافیل نڈال دوسرے، اینڈی مرے تیسرے اور ڈیوڈ فیرر چوتھے نمبر پر ہیں، سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے پانچویں پوزیشن پر قدم مضبوطی سے جما رکھے ہیں۔




جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ چھٹے، ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو ساتویں، فرنچ پلیئر جوئے ولفریڈ سونگا آٹھویں جبکہ ہموطن رچرڈ گیسکوئٹ نویں نمبر پر برقرار ہیں، سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے اسٹینسلس واورنیکا ٹاپ ٹین کے آخری شریک بنے، کینیڈا کے میلوس رائونک 11، جاپانی پلیئر کائی نیشکوری 12، جرمن پلیئر ٹامی ہاس 13ویں پوزیشن پر ہیں، اتوار کو میٹز اوپن کی ٹرافی جیتنے والے جائلز سیمون 2 درجے ترقی کے بعد 14ویں پوزیشن پر فائز ہوگئے، پولینڈ کے جیرزی جینووچ اور جون اسنر ایک ایک قدم پیچھے ہٹنے کے بعد بالترتیب 15 اور 16ویں نمبر پر پہنچے، نکولس الماگرو ایک درجے ترقی پر 17ویں نمبر پر فائز ہوگئے، ٹومی روبریڈو بھی کامیابی کا ایک زینہ طے کرکے 18ویں پوزیشن پر آئے۔

اطالوی پلیئر فابیو فوگنینی کو2 درجے تنزلی نے 19ویں نمبر پر دھکیل دیا، میخائل یوزنی بدستور20 ویں نمبرپرموجود ہیں۔ ویمنز سنگلز میں امریکا کی سرینا ولیمز پہلے، بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا دوسرے، ماریا شراپووا تیسرے، اگنیسکا ریڈوانسکا چوتھے اور چینی پلیئر لینا پانچویں نمبر پر ہیں، سارا ایرانی نے چھٹی پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے، فرانس کی ماریون بارٹولی ساتویں، کیرولین ووزینسکی آٹھویں، اینجلیک کیربر نویں اور سربیا کی جیلینا جینکووچ ٹاپ ٹین کی آخری پلیئر ہیں،11 سے 20 پوزیشنز پر بھی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی ، پلیئرز کی ترتیب اس طرح ہے، پیٹرا کیوٹوا، روبریٹا ونسی، سلونی اسٹیفنز، کارلا سواریز نیوارو، سبائن لیسکی، ایناایوانووک، سمانتھا اسٹوسر، سیمونا ہالیپ، ماریا کریلنکو اور کرسٹن فلپکنز۔
Load Next Story