اسکن اسپتال نے جیلوں میں خارش کے خاتمے کیلیے کیمیکل تیار کر لیا

جیلوں میں کیمیکلز کے ٹینک نصب کیے جائینگے،سندھ اوربلوچستان میں جلدی امراض بڑھ رہے ہیں،ڈاکٹر حیات بلوچ

کراچی سینٹرل جیل، ویمن اور بچہ جیل میں خارش کے مرض کے خاتمے کیلیے کیمیکلزکے مخصوص ٹینک بنائے جائیں گے ۔ فوٹو: فائل

انسٹیٹیوٹ آف اسکن ڈیزیز اسپتال کراچی سندھ اور بلوچستان کے مریضوں کے لیے جلدی امراض کا واحد اسپتال ہے۔

جہاں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، انسٹیٹیوٹ کے تحت کراچی سینٹرل جیل، ویمن اور بچہ جیل میں خارش کے مرض کے خاتمے کیلیے کیمیکلزکے مخصوص ٹینک بنائے جائیں گے جس میں متاثرہ قیدی کوچند منٹ رکھنے سے خارش کا مرض ختم ہوجائے گا،انسٹیٹیوٹ آف اسکن ڈیزیزکے ڈاؤ یونیورسٹی سے الحاق کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ انسٹیٹیوٹ میں اسکن جلدی امراض سے متعلق تعلیم وتربیت اورفیلوشپ کرائی جاسکے۔

یہ بات اسپتال کے ڈائریکٹرڈاکٹرحیات بلوچ نے صحافیوں کو بتائی انھوں نے کہاکہ اسکن انسٹیٹیوٹ میں پاکستان کے بہترین جلدی امراض کے ماہرین کی سہولت موجود ہے اوران کی کاوشوں سے متعدی خارش کے خاتمے کیلیے ایک ایسا مخصوص کیمیکلز ''سلفر ٹینک فور ٹریٹمنٹ اور اسکیبیز'' تیار کیا گیا ہے مخصوص کیمیکلز کے تیار کیے جانے والے ٹینک کراچی سینٹرل جیل، بچہ جیل اور ویمن جیل میں نصب کیے جائیں گے۔




یہ ٹینک ہوم ڈپارٹمنٹ، آئی جی جیل خانہ جات کے اشتراک سے تعمیر کیے جائیں گے ، سیکریٹری صحت جام انعام اللہ دھاریجوکی ہدایت پر تینوں جیلوں میں قیدیوں کی جلدی بیماریوں کے خاتمے اور معائنے کیلیے اسکن ڈیزیز اسپتال کے ڈاکٹروں کی تعیناتیاں کردی گئیں ہیں ۔

جیلوں میں عام طور سے قیدیوں میں خارش کے امراض تیزی سے جنم لیتے ہیں اس سے نجات کیلیے اسکن ڈیزیز اسپتال نے مخصوص کیمیکلز تیار کیا ہے،اسپتال میں یومیہ3 ہزار زائد جلد، خارش، ایگزاما اور دیگر امراض کے مریض رپورٹ ہوتے ہیں ان مریضوںکو بلامعاوضہ مخصوص مرہم دیا جاتا ہے، اسکن ڈیزیز اسپتال عنقریب کراچی کی کچی آبادیوں اور ٹھٹھہ، گھوٹکی میں جلدی بیماریوں خاتمے کیلیے میڈیکل کیمپ لگائے گی،ڈاکٹر حیات بلوچ نے کہاکہ اسپتال میں لوئرگریڈ عملے ،اسٹاف نرس اور خاکروب کی اسامیاں خالی ہیں، انسٹیٹیوٹ کے ڈاؤ یونیورسٹی سے الحاق کیلیے محکمہ صحت کو درخواست دی ہے تاکہ اسکن اسپتال میں جلدی امراض کی اعلیٰ تعلیم وتربیت بھی شروع کی جاسکے۔
Load Next Story