ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی نے نوجوان قیادت پر نظریں جمالیں

سابق جنرل منیجرشفیق پاپاکا خلاپُرکرنے کیلیے درخواستیں طلب،جنید ضیا فیورٹ

سابق جنرل منیجرشفیق پاپاکا خلاپُرکرنے کیلیے درخواستیں طلب،جنید ضیا فیورٹ فوٹو: فائل

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے نوجوان قیادت پر نظریں جمالیں۔

پی سی بی نے ایک عرصے تک ڈومیسٹک کرکٹ سے منسلک رہنے والے جنرل منیجر شفیق پاپا کو گھر بھیج دیا تھا، اب جدید کرکٹ سے واقف کسی نئے چہرے کو لانے کیلیے مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اشتہار میں بتایا گیاکہ جنرل منیجر کو ڈومیسٹک کرکٹ کے تمام انتظامی امور دیکھنا ہوں گے، ان میں کلب سے سٹی تک کے مقابلے،یوتھ، ویمن، اسکول، بلائنڈ، ڈیف کرکٹ کے میچز بھی شامل ہیں۔


جی ایم کو تمام فارمیٹ کے مقابلوں میں صوبائی ایسوسی ایشنز کے معاملات میں بھی تال میل رکھنا ہوگا، ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں صوبائی ایسوسی ایشنز کے سالانہ بجٹ کی تیاری بھی اس کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگی۔ڈسپلن کے معاملات بھی اسے دیکھنے ہوں گے۔

امیدواروں کیلیے کم ازکم بیچلر ڈگری لازمی قرار دی گئی ہے،سابق انٹرنیشنل کرکٹر یا فرسٹ کلاس کا وسیع تجربہ ہونا ضروری ہے، متعلقہ شعبے میں انتظامی امور کا 3سال کا تجربہ ہونا چاہیے،کرکٹ مینجمنٹ کا تجربہ اور سمجھ بوجھ کے ساتھ کمپیوٹر سے شناسائی بھی ہونا چاہیے۔

انگریزی میں تحریری اور تقریری ابلاغ کی صلاحیت بھی شرائط میں شامل کی گئی ہے،امیدواروں سے کہا گیاکہ درخواستیں 4ستمبر تک سینئر جنرل منیجر ایچ آر کو جمع کرائیں۔

ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیا کے بیٹے جنید ضیااس عہدے کیلیے مضبوط امیدوار ہیں، وہ ماضی میں کلب کرکٹ کیلیے کام کرچکے ہیں۔
Load Next Story