کورنگی صنعتی ایریا میں فوڈز فیکٹری افتتاح ہونے سے قبل ہی لٹ گئی

فیکٹری سے  23 اور24 اگست کے درمیان 2 لاکرز میں رکھی 2کروڑ 24 لاکھ سے زائدکی رقم چوری

لاکر کی ایک ایک چابی ایک ہفتے قبل گم ہو گئی تھی، فیکٹری کے مالک نے رقم چوری ہونے کا مقدمہ درج کرا دیا ۔ فوٹو : فائل

کورنگی صنعتی ایریا میں فوڈز فیکٹری افتتاح ہونے سے قبل ہی لٹ گئی جب کہ فیکٹری سے 2 کروڑ 24 لاکھ سے زائد رقم چوری کر لی گئی۔

کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا چمڑا چورنگی کے قریب پلاٹ نمبر 30/A2 سیکٹر 23 پر واقع نجی فوڈزفیکٹری سے2 کروڑ24 لاکھ روپیسے زائد رقم چوری کرلی گئی،فیکٹری سے رقم چوری کرنے کی واردات 23 اور 24 اگست کے درمیان ہوئی۔

فیکٹری کے مالک سید زین العابدین نے رقم چوری ہونے کی واردات کامقدمہ الزام کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرا دیا، ایف آئی آرکے مطابق کے مطابق فیکٹری کے مالک نے تعمیرات کے کاموں کے لیے2 کروڑ 24 لاکھ سے زائد کی رقم لاکرمیں رکھی ہوئی تھی جس کی چابیاں دفترکے دوسرے لاکروں میں پڑی ہوئی تھیں جنھیں کسی نامعلوم شخص نے چابیاں چوری کرکے لاکر کا تالا کھول کر رقم چوری کر کے وہاں رکھے لیپ ٹاپ کے بیگ میں کیش ڈال کر چلا گیا اورلیپ ٹاپ چھوڑگیا۔


لیپ ٹاپ کے بیگ میں فیکٹری کے اکاؤنٹنٹ شیراز خان کا اصل قومی شناختی کارڈ اوراے ٹی ایم کارڈ بھی چوری کرکے لے گیا، 24 اگست صبح ساڑھے 10 بجے ان کے اکاؤنٹنٹ شیراز نے فون کر کے بتایا کہ فیکٹری کے لاکرکھلے ہوئے ہیں، رقم موجود نہیں ہے۔

اطلاع پر فیکٹری مالک بھی فوری موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ لاکرز کھلے ہوئے ہیں اوررقم موجود نہیں ہے اوراکاؤنٹنٹ نے بتایاکہ لاکر کی تین تین چابیوں میں سے ایک ایک لاکر کی چابی ایک ہفتے قبل گم ہو گئی تھی جن سے لاکرزکھولے گئے جس پرفیکٹری مالک نے فوراًپولیس کوکال کی اورپولیس موقع پر پہنچ گئی۔

فیکٹری مالک نے دعویٰ کیا ہے کہ نامعلوم ملزمان فیکٹری سے رقم چوری کر کے فرار ہوئے ہیں لہذا ان کی رقم واپس دلوائی جائے اورقانونی کارروائی کی جائے، کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے مطابق مذکورہ فوڈز فیکٹری کا جلد ہی افتتاح بھی ہونے والا تھا اورفوڈزفیکٹری کے شہر بھر میں آؤٹ لیٹس بھی کھلنے تھے مقدمے کے تفتیشی افسر سب انسپکٹرذوالفقار نے بتایا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ فیکٹری سے رقم چوری کی واردات میں فیکٹری کے ملازم ملوث ہیں۔

فیکٹری مالکان کو 4 افراد پر شبہ تھا جن کو پوچھ گچھ کے لیے پولیس کے حوالے کیا گیا تھا لیکن اب تک ان سے پوچھ گچھ کے دوران کوئی ٹھوس بات سامنے نہیں آسکی ہے فیکٹری کے اکاؤنٹنٹ شیرازسمیت2افراد سے انٹرویو توکرلیے ہیں لیکن اب تک ان سے تفتیش نہیں کی جا سکی ہے، فیکٹری میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں ہیں پولیس فیکٹری کے قریب واقع دیگرفیکٹریوں میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
Load Next Story