اورنگی ٹاؤن بھتہ نہ دینےپرملزمان کی اسکول پرفائرنگ سےخاتون زخمی

فائرنگ سے اسکول کے طلبا اور علاقے میں شدید خوف پھیل گیا۔

اسکول کی انتظامیہ کو ایک ہفتے قبل بھتہ خوروں کی جانب سے 2 لاکھ روپے بھتے کی پرچی بھیجی گئی تھی، پولیس افسر ۔فوٹو : فائل

RAWALPINDI:
اورنگی ٹائون میں بھتہ نہ دینے پر ملزمان نے اسکول پر فائرنگ کردی،اسکول کی ملازمہ شیشہ لگنے سے زخمی ہوگئی۔

فائرنگ سے اسکول کے طلبا اور علاقے میں شدید خوف پھیل گیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اورنگی ٹائون گلشن بہارغوثیہ چوک پر واقع رخشندہ پبلک اسکول پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان اندھا دھند فائرنگ کر کے فرار ہو گئے،فائرنگ کی آواز سن کر اسکول میں موجود بچوں اور میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ جائے وقوع پر بڑی تعداد میں علاقہ مکین بھی موقع پر پہنچ گئے۔




ایس پی اورنگی ٹائون ڈویژن چوہدری اسد نے ایکسپریس کو بتایا کہ اسکول کی انتظامیہ کو ایک ہفتے قبل نامعلوم بھتہ خوروں کی جانب سے 2 لاکھ روپے بھتے کی پرچی بھیجی گئی تھی اور بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں تھیں اورمذکورہ واقعہ بھی بھتے کی عدم ادائیگی کا شاخسانہ معلوم ہو تا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی بھی شخص یا بچہ زخمی نہیں ہوا البتہ ایک گولی دروازے کے شیشے پر لگی تھی جس کے نتیجے میں ٹوٹنے والا شیشہ لگنے سے اسکول کی ملازمہ سلمیٰ معمولی زخمی ہوگئی جس کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ، ایس ایچ او پاکستان بازار کے مطابق اسکول انتظامیہ کو کئی روز قبل پرچی بھیجی گئی تھی، انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو اطلاع نہیں کی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
Load Next Story