شہرکا انفرااسٹرکچر جدید بنیاد پربنانے کا وقت آگیاثاقب سومرو

ترقیاتی کاموں کو ماسٹر پلان کے تحت لانے کے لیے ممکنہ اقدامات کر لیے گئے

ترقیاتی کاموں کو ماسٹر پلان کے تحت لانے کے لیے ممکنہ اقدامات کر لیے گئے

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹرثاقب احمد سومرونے کہا ہے کہ کراچی میں تمام ترقیاتی کاموں کو ماسٹر پلان کے تحت لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر لیے گئے ہیں۔

تاکہ شہر میں آئندہ ہر قسم کی پلاننگ، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور الاٹمنٹ 2020 تک کی ضروریات کا احاطہ کرنے والے کراچی ماسٹر پلان کے مطابق ہی کی جائے اور شہر کے انفراسٹرکچر کو مربوط اور موثر انداز میں ترقی دی جاسکے، یہ بات انھوں نے 99 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس لاہور کے شرکا کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جنھوں نے رائے اعجاز ضیغم کی سربراہی میں کراچی کا دورہ کیا جن میں پاکستان بھر سے محکمہ پولیس ، کسٹمز ، انفارمیشن، آڈٹ ، ایجوکیشن ، ایڈمنسٹریشن اور دیگر محکموں کے گریڈ 20 کے افسران شامل تھے۔




اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی، ڈپٹی کمشنر سینٹرل ڈاکٹر سیف الرحمن ، مشیر مالیات خالد محمود شیخ ،ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ نیاز احمد سومرو، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور شہر کی ممتاز شخصیات محمود شام ، پروفیسر سحر انصاری ، ڈاکٹر معصومہ حسن ، خان ظفر افغانی ، پرنسپل کے ایم ڈی سی ڈاکٹر وقار کاظمی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکا کو کراچی میں خوش آمدید کہا اور کراچی شہر کو ترقی دینے کیلیے مکمل کئے گئے منصوبوں اور مستقبل کیلیے کی جانے والی پلاننگ سے انھیں آگاہ کیا، انھوںنے کہا کہ کسی بھی شہر کی ترقی کا دارومدار اس کے بنیادی انفرااسٹرکچر کی ترقی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار پر ہوتا ہے، کراچی دنیا کے7 بڑے شہروں میں شامل ہے اور جغرافیائی اعتبار سے یہ خطے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
Load Next Story