اسکواش ناصر اور دانش اطلس نے کوارٹر فائنلز میں جگہ بنالی

عامر اطلس، منصور، فرحان محبوب اور فرحان زمان نے بھی اپنے مقابلے جیت لیے

عامر اطلس، منصور، فرحان محبوب اور فرحان زمان نے بھی اپنے مقابلے جیت لیے۔ فوٹو: فائل

ٹاپ سیڈ پلیئرز ناصر اقبال، دانش اطلس، عامر اطلس، منصور زمان، فرحان محبوب اور فرحان زمان نے چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنلزمیں جگہ بنالی۔

سیمی فائنلز میں رسائی کیلیے پلیئرز جمعرات کو ایکشن میں نظر آئیں گے۔پشاور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پی اے ایف ہاشم خان اسکواش کمپلیکس میں منگل کو شروع ہونے والے مین رائونڈ میں ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے وقاص محبوب کو 3-1 سے شکست دی، وقاص نے پہلا گیم11-6 سے جیت کر خطرناک عزائم کااظہار کیا لیکن ناصر اقبال نے ردھم پانے کے بعد انھیں مزید کامیابی حاصل نہیں کرنے دی، انھوں نے بقیہ تینوں گیمز جیت کر حریف کا بوریا بستر گول کردیا، ناصر نے دوسرا گیم11-5 سے اپنے نام کرتے ہوئے حساب چکتا کیا،11-1 اور11-5 سے ملنے والی کامیابی نے انھیں کوارٹر فائنل کا ٹکٹ بھی دلا دیا۔




ناصر اقبال روایتی طور پر اسکواش گھرانے سے تعلق نہیں رکھتے لیکن 8برس کی عمر سے کھیلنے والے اس پلیئر نے جہانگیر خان اور جان شیرخان کو دیکھ کرکھیل میں شمولیت اختیار کی ، ان کے شوق کے پیش نظر بڑے بھائی طاہر اقبال نے محب اللہ سے بھی کوچنگ کرائی ،وہ تینوں نیشنل کوچز رحمت خان، فہیم گل اور جمشید گل کی خدمات سے بھی استفادہ حاصل کرچکے ہیں، ایونٹ کے دوسرے مقابلے میں محمد ثاقب یوسف نے خواجہ عادل کو 11-7، 8-11، 11-7 اور 11-7 سے زیر کرلیا۔

سابق ایشین گولڈ میڈلسٹ فرحان محبوب نے عقیل رحمان کیخلاف11-7، 12-10، 4-11 اور 12-10 سے کامیابی پائی، فرحان زمان نے عماد فرید پر غلبہ پالیا، ان کی جیت کااسکور 12-10، 11-3، 10-12 اور 11-7 رہا، دانش اطلس کو اویس خان کیخلاف پانچ گیمزکے میراتھن مقابلے میں 13-15، 3-11، 11-7، 11-6 اور11-5 سے فتح ملی، بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے منصور زمان نے سید علی مجتبیٰ بخاری کو 11-8، 11-6 اور11-8 سے قابو کیا، نوشیروان نے کریم اللہ خان کو 11-4،11-5 ، 10-12 اور11-9 سے واپسی کا پروانہ تھمایا، عامر اطلس نے طیب اسلم کو اسٹریٹ سیٹ میں 11-5،11-5 اور11-8 سے ہرایا۔
Load Next Story