ملک کے 10 شہروں میں سولر انرجی پلانٹ لگانے کا فیصلہ

کراچی: وفاقی حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے اور متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کیلیے ’’وزیرا عظم سولر انرجی پروگرام‘‘ شروع کرے گی۔

اس پروگرام کے تحت پہلے مر حلے میں ملک کے10شہروں میں 100،100میگاواٹ کے سولر انرجی پلانٹ لگائے جائیں گے جن سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی ، پروگرام کو15ماہ میں مکمل کیاجائے گا اور اس پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں 2ارب ڈالرسے زائد رقم خرچ کی جائے گی، وفاقی حکومت کے اعلیٰ ترین ذرائع نے ایکسپریس کوبتایاکہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ملک میں بجلی کے بحران کو کم کرنے اور متبادل ذرائع توانائی سے بجلی کے حصول کیلیے وزارت پانی و بجلی اور متبادل ذرائع توانائی بورڈ کو خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔

ان ہدایات کے پیش نظر وفاقی حکومت کے ان اداروں نے ملک میں متبادل ذرائع توانائی خصوصاً شمسی توانائی سے بجلی کے حصول کیلیے قلیل اور طویل المدت پالیسیاں تشکیل دے دی ہیں،ا س پروگرام کا وژن ’’متبادل ذرائع توانائی اپناؤ پاکستان کو خوشحال بناؤ‘‘ ہوگا۔ اس پروگرام کے تحت گوادر ، مظفر آباد ،نوری آباد کراچی ، سکھر ، پشاور ،کوہاٹ ، لاہور ،فیصل آباد ،خانیوال اور گلگت میں 100، 100میگاواٹ کے سولر انرجی پلانٹ لگائے جائیں گے ۔بعد ازاں2015سے2017 میں ملک کے دیگر20شہروں میں200،200میگاواٹ کے سولر انرجی پلانٹ لگائے جائیں گے ۔ان منصوبوں کی تکمیل سے 5ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی ۔اس منصوبے پر مکمل طور پر 5ارب ڈالر کی خطیر رقم خرچ ہوگی۔