سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ زون ون نے ٹائٹل جیت لیا

ساتوں میچز جیت کر 51 پوائنٹس حاصل کیے، زون 6 نے دوسری پوزیشن پائی

زون 6 کی ٹیم45 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔فوٹو: فائل

پی سی بی سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کر کٹ چیمپئن شپ کراچی ریجن کی دفاعی چیمپئن کے سی سی اے زون 1نے اپنے ساتوں میچ جیت کر 51 پوائنٹس کے ساتھ اپنا ٹائٹل برقرار رکھا۔

زون 6 کی ٹیم45 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی، چیمپئن شپ کے ساتویں اورآخری رائونڈ میں زون1 نے سہ روزہ میچ کے آخری دن زون2کوایک اننگز اور99 رنز سے مات دیکر ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا، ٹی ایم سی گرائونڈ پر ہونے والے اس یکطرفہ میچ میںناکام ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے99 رنز پر ڈھیر ہوگئی،عدیل ملک 43رنز کے ساتھ نمایاں رہے،خرم شہزاد نے 3،وقار انور،فہیم سینئر اور حارث ایاز نے2،2 وکٹیں حاصل کیں،جواب میں زون1نے اپنی پہلی اننگز میں 3وکٹوں پر 445 رنز کا پہاڑ کھڑا کر ڈالا۔




بہرام خان نے 217 گیندوں پر شاندارڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے 30 چوکوں اور7 چھکوں کی مدد سے 234 رنز کا حصہ ڈالا جبکہ احمد اقبال نے105 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے،346 رنز کی برتری ختم کرنے کے لیے کوشاںزون 2دوسری اننگز میں بھی بری طرح ناکام رہی اور محض232رنز بناکر شکست کا داغ لیے پویلین پہنچ گئی،شاہ علی ظفر نے79 اورجہانگیر شاہ نے50 رنر اسکور کیے،خرم شہزاد نے 5 کھلاڑیوں کو میدان بدر کرکے میچ میں 8 وکٹیں اپنے نام کیں،یاسر حسن کے ہاتھ 2 وکٹیں آئیں، اس طرح زون1نے نا قابل شکست رہتے ہوئے کراچی ریجن چیمپئن ہونے کا اعزاز برقرار رکھا۔
Load Next Story