نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کی ’’ایڈوانس وکالت‘‘ شروع

راشد،رمیز، آفریدی، سرفراز،بازید،اظہرعلی،شان ودیگر کے تعریفی بیانات

راشد،رمیز، آفریدی، سرفراز،بازید،اظہرعلی،شان ودیگر کے تعریفی بیانات۔ فوٹو: فائل

نئے ڈومیسٹک اسٹرکچرکی ''ایڈوانس وکالت'' شروع ہو گئی، بورڈ نے راشد لطیف، رمیز راجہ، شاہد آفریدی، سرفرازاحمد،بازید خان،اظہرعلی،فواد عالم، شان مسعود و دیگر کے تعریفی بیانات جاری کیے۔

نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر ابھی تجرباتی مراحل میں ہے، سیزن کا آغاز 14ستمبر کو قائد اعظم ٹرافی کے ساتھ ہوگا، یہ تجربہ کامیاب ہوگا یا ناکام اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت ہی کرے گا لیکن پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ موجودہ اور سابق کرکٹرز نے نئے اسٹرکچر کی حمایت کردی.


عاقب جاوید کا بیان ہے کہ ماضی کی خامیوں پر قابو پاکرنیا سسٹم متعارف کرانے سے کھیل کے معیار میں بہتری آئے گی،یہ اسٹرکچر ایک کرکٹر کے خوابوں کی تعبیر ہے، ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے سے کھلاڑیوں کے ذہنوں میں کئی سوالات نے جنم لیا تھا، البتہ پی سی بی کی جانب سے نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں کھلاڑیوں کی مراعات میں اضافہ خوش آئندہ عمل ہے۔

پی سی بی کی جانب سے رمیز راجہ کا جو بیان جاری کیا گیااس میں انھوں نے نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کو متعارف کرانے پر بورڈکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں شفافیت کا عمل آئے گا، انھوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلیاں جراتمندانہ قدم ہے، گزشتہ نظام قومی کرکٹرز کی کارکردگی میں تسلسل لانے میں ناکام رہا،اب شہروں اور صوبائی کرکٹ کو ترجیح دی جائے گی۔

راشد لطیف، شاہد آفریدی، سرفراز احمد،بازید خان،اظہر علی،فواد عالم، شان مسعود اور غلام علی کی جانب سے نئے اسٹرکچر کیلیے تعریفی کلمات بھی پریس ریلیز کا حصہ بنائے گئے ہیں۔
Load Next Story