کراچی تھانے پر حملہفائرنگ گینگسٹر اور سرکاری ملازم سمیت7ہلاک

لیاری میں شیرازکامریڈکے گھرپرچھاپے کے دوران شدیدمزاحمت،راہگیرہلاک،2زخمی،ٹارچرسیل واسلحہ برآمد

کورنگی نمبر2پرکے ڈی اے کاایکسیئن عبدالجبار ہلاک،سفاری پارک پرایک شخص قتل۔فوٹو : فائل

لیاری گینگ کے گرفتارملزم شیرازکامریڈکے گھرپرچھاپے کے دوران لیاری میدان جنگ بن گیا۔

گینگ وارملزمان نے پولیس پرشدیدفائرنگ کردی، تھانے پردستی بموں سے حملہ کیا،فائرنگ کی زدمیں آکرایک راہگیرہلاک جبکہ2افرادزخمی ہوگئے،لیاری میں مقابلے کے دوران گینگ وارکاانتہائی مطلوب ملزم عبدالحق عرف اکوماراگیا،شہرمیں فائرنگ کے دیگرواقعات کے دوران کے ڈی اے کاایکسیئن سمیت 5افرادہلاک اور7 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بغدادی کے علاقے لیاری ٹیلیفون ایکسچینج کے قریب ایس پی لیاری شاہنوازکی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے گینگ وار کے ملزم شیراز کامریڈ کے گھر رام گڑھ کامحاصرہ کر لیاجہاں موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار30 سالہ شاہدہلاک جبکہ19سالہ عبد القادر اور30 سالہ عبد الغفارزخمی ہوگئے،مقتول لیاری میمن سوسائٹی کارہائشی تھا، پولیس ملزمان پر جوابی فائرنگ کرتے ہوئے علاقے سے باہر نکل گئی جس کے بعد گینگ وار کے ملزمان نے بغدادی تھانے پر حملہ کر دیا،ملزمان نے تھانے پر فائرنگ کی اور2دستی بم پھینکے۔

جبکہ اوان گولے بھی فائرنگ کیے ،شدید فائرنگ اور دستی بم حملوں سے علاقہ گونج اٹھا۔اطلاع ملنے پر رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پرپہنچ گئی اورعلاقے کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی شروع کر دی ،رینجرز اورپولیس نے شیرازکامریڈ کے گھر کے نیچے بنے کمرے سے ٹارچرسیل بھی برآمد کر لیا جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔قانون نافذ کرنے والے ادارے نے آٹھ چوک پر ایک مکان پر چھاپہ مار کر بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ہارون روڈبسم اﷲ کالونی میں وائٹ روزگرامر اسکول کے قریب واقع اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل کے ٹھیے پرموجود لیاری گینگ وار کے کارندے سہیل عرف سنی اوراس کے مسلح کارندوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی دو طرفہ فائرنگ میں لیاری گینگ وار کاملزم عبد الحق عرف اکوعرف بھائی جان ہلاک ہوگیا۔

فائرنگ کے سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد دوبارہ رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس پر ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے تنگ گلیوں میں فرارہو گئے۔عبدالحق لیاری گینگ وار مواچھ گوٹھ کا کمانڈر تھا جو موچکو اور ماڑی پور پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ادھرکورنگی نمبر2باٹاشوزکے سامنے موٹرسائیکل سوار ملزمان نے چلتی ہوئی کارپرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 56 سالہ عبد الجبار منگی ہلاک جبکہ ان کا ڈرائیور30سالہ نعیم احمد زخمی ہو گیا،ہلاک و زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال لایا گیا ،مقتول لانڈھی میں واقعے سوشل سیکیورٹی اسپتال میں قائم بنگلے میں اپنے بڑے بھائی ڈاکٹرعبد الفتح منگی کے ساتھ رہائش پزیرتھا،مقتول کا بھائی اسی اسپتال میں تعینات ہے مقتول غیر شادی شدہ اور4 بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔




آبائی تعلق اندرون سندھ شکار پور سے تھا، عبد الجبار منگی کے ڈی اے میں بطور ایکسیئن ملازم تھے جبکہ وہ لانڈھی کورنگی کے انکروچمنٹ معاملات بھی دیکھتے تھے مقتول کے دوستوں نے جناح اسپتال میں ایکسپریس کو بتایا کہ وہ گزشتہ2ماہ سے اپنے دفترنہیں آرہے تھے ، واقعے والے روزان کا طویل چھٹیوں کے بعد پہلا دن تھا،زخمی ہونے والا نعیم احمد مکان نمبر 34/3 نور منزل ایریاون سی لانڈھی کا رہائشی اورعبد الجبار منگی کا پرائیوٹ ڈرائیورہے، عبد الجبار منگی اپنے دفتر واقعے کورنگی نمبر5سوک سینٹرسے اپنے چھوٹے بھائی سے ملنے جارہے تھے کہ گھات لگائے کھڑے ملزمان نے تعاقب کر کے ان پر گولیاں برسا دیں۔شیریں جناح کالونی میں ساحل سمندر سے 60 سالہ شخص کی لاش ملی ،مقتول کو سر پر وزنی چیز مار کر ہلاک کیا گیاتھا۔

قصبہ کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30سالہ رفیق ہلاک ہوگیا، مقتول گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا تاہم فوری طور پر ملزمان کی تعداد اور وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ سفاری پارک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے کفایت حسین ہلاک ہوگیا،وہ جعفر طیار سوسائٹی کا رہائشی تھا۔بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن بلاک 2 سی ویو کے قریب ایک شخص نے دوسرے کو شخص کو پتھر کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا، ملزم مرزا کا 60 سالہ نامعلوم مستانے سے جھگڑا ہوگیا جس پر اس نے سر پر پتھر کے وار کیے جبکہ ملزم اور مقتول دونوں ہی مستانے ہیں۔

ہلاک ہونے والے شخص کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی،شاہ لطیف ٹاون کے علاقے پورٹ قاسم کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے میر عالم زخمی ہوگیا۔ لانڈھی ریڑھی روڈ پرچنگ چی رکشا اسٹاپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 18 سالہ اکبرخان ،ناگن چورنگی باب اقبال دہلی کمیونیٹی سینٹر کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ کاشف ، سائٹ اے کے علاقے میں فائرنگ سے48 سالہ افروز زخمی ہو گیا۔ رات گئے ناظم آباد انڈر بائی پاس کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے3 افراد شدید زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا ، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں احمد ، اسد اور شہروز شامل ہیں جبکہ فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی ۔
Load Next Story