وفاقی وزیر مذہبی امور پشاور پہنچ گئے چرچ کا دورہ

اقلیتی برادری کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، چرچ کی مرمت حکومت کرائے گی، سردار یوسف

سردار یوسف کا عبادت گاہوں کی موثرسیکیورٹی کاعزم، ، سیکریٹریٹ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت۔فوٹو:فائل

وفاقی وزیرمذہبی امور سردار محمدیوسف نے کہاہے کہ پشاورمیں گرجا گھر پر ہونیوالے افسوسناک واقعے پردکھ ہے یہ چرچ پرنہیں بلکہ پاکستانی عوام پر حملہ ہے مشکل کی اس گھڑی میں اقلیتی برادری کو تنہانہیں چھوڑا جائے گا۔

جمعے کودھماکے سے متاثرہ آل سینٹ چرچ کوہاٹی گیٹ پشاور کے دورے کے موقع پرمیڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ ماضی میں شیعہ سنی فسادات بھڑکا ئے جاتے رہے پھرکراچی اور کوئٹہ میں مساجد اور درسگاہوں میں دھماکے کیے گئے یہ ملک دشمن اور اسلام دشمن لوگ ہیں جو ملک کو کمزورکرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ہمیں متحدہوکر ان کامقابلہ کرناہوگا۔انھوں نے کہاکہ ہم اقلیتی برادری کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔




اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر نے کہاکہ چرچ کی مرمت اور تزئین نو پرآنے والے اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ انھوںنے کہاکہ تمام مسلک کے عبادت گاہوں کی موثرسیکیورٹی کے اقدامات کیے جائیں گے، بعدازاں وفاقی وزیر سرداریوسف نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں چرچ حملے اورسرکاری ملازمین کے بس میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔
Load Next Story