گیس کے نرخ کم ہونے کے باوجود روٹی مہنگی فروخت

وفاقی حکومت نے تندوروں کے لیے گیس کے کمرشل نرخ میں اضافہ کا فیصلہ واپس لے لیا ہے

کراچی میں تندوروں کے لیے گیس نرخ کم ہونے کے باوجودنان روٹی،چپاتی مہنگی فروخت کی جارہی ہے،تندور مالکان بل کی تصحیح کے لیے رابطہ کریں،ایس ایس جی سی

کراچی میں تندوروں کے لیے گیس کے نرخ کم کیے جانے کے باوجود شہر بھر میں نان روٹی، چپاتی ، شیرمال اور تافتان مہنگے داموں فروخت کیے جارہے ہیں۔


وفاقی حکومت کی جانب سے تندوروں کے لیے گیس کے کمرشل نرخ میں اضافہ کا فیصلہ واپس لے لیا گیا تاہم نان بائی اور تندور مالکان اضافی قیمت وصول کررہے ہیں، عاشورہ کے موقع پر نذرونیاز کے لیے بڑے پیمانے پر نان، شیرمال تافتان خریدے جاتے ہیں شہر بھر میں نان بائی اور تندور مالکان دن رات آرڈر پورے کرنے میں مصروف ہیں اور اضافی شفٹوں میں مزدوروں سے کام کرایا جارہا ہے، صارفین کی جانب سے جب تندور مالکان سے گیس کے نرخ کم ہونے پر سابقہ قیمت بحال کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو تندور مالکان کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے سے ترسیل کی لاگت بڑھ گئی ہے۔

آٹا میدہ ، چینی گھی تیل سارے لوازمات مہنگے ہوچکے ہیں ایسی صورت میں صرف گیس کی قیمت کم ہونے سے لاگت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، واضح رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں تندور کے لیے گیس کے کمرشل بلوں کو نرخ یکم جولائی کی سطح پر بحال کردیا ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان شہباز اسلام نے کہا ہے کہ جن خصوصی صارفین (تندور) والوں کو ایس ایس جی سی کے بل یکم جولائی سے موصول ہوئے ہیں وہ اپنے بل کی تصحیح کے لیے ایس ایس جی سی دفاتر سے رابطہ کریں، جہاں اپنے تندور مالکان کو یکم جولائی سے پہلے والے ٹیرف کے حساب سے گیس بل بلا تعطل ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
Load Next Story