این ای ڈی انٹری ٹیسٹ سرکاری تعلیمی بورڈز کے طلبا کی ناقص کارکردگی

کیمبرج، فیڈرل اور آغا خان بورڈز کے مقابلے میں سوائے کراچی کے سندھ کے کسی بھی بورڈ کا نتیجہ 37 فیصد سے زائد نہیں رہا

کراچی بورڈ کے 77 فیصد طلبا نے ٹیسٹ پاس کیا، کامیاب طلبا کے انٹرویوز 23 ستمبر سے شروع ہوں گے، پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت داخلوں کے لیے منعقدہ انٹری ٹیسٹ نے سندھ سرکار کے تحت کام کرنے والے سرکاری تعلیمی بورڈزکی امتحانی اور اسسمنٹ کے معیارات اور صوبے کے تعلیمی نظام کی قلعی کھول دی۔

کیمبرج بورڈ، فیڈرل بورڈ اور آغا خان تعلیمی بورڈ کے مقابلے میں سوائے کراچی کے سندھ کا کوئی بھی تعلیمی بورڈ کا نتیجہ اس ٹیسٹ میں 37 فیصد سے زائد نہیں رہا۔

سندھ کے تعلیمی بورڈ میں محض کراچی وہ تعلیمی بورڈ ہے جس سے انٹر کا امتحان دے کر این ای ڈی کے ٹیسٹ میں شریک ہونے والے 77 فیصد طلبہ نے یہ ٹیسٹ پاس کیا ہے جبکہ حیدر آباد بورڈ سے انٹر کے امتحان دے کر این ای ڈی کے ٹیسٹ میں شریک طلبہ میں سے 64 فیصد طلبہ، میرپور خاص بورڈ کے 63 فیصد طلبہ، سکھر بورڈ کے 66 فیصد طلبہ اور لاڑکانہ تعلیمی بورڈ سے انٹر کرکے ٹیسٹ میں شریک ہونے والے 68 فیصد طلبہ انٹری ٹیسٹ میں فیل ہوگئے۔

واضح رہے کہ این ای ڈی کے کسی بھی انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں انٹر میں 60 فیصد سے کم مارکس حاصل کرنے والے طلبہ داخلہ فارم ہی جمع نہیں کراسکتے۔ یاد رہے کہ این ای ڈی کے تحت منعقدہ اس ٹیسٹ میں کل 10387 طلبہ نے شرکت کی جس میں سے 6668 طلبہ نے یہ ٹیسٹ پاس کیا۔

ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں میں 2285 گرلز اور 3783 بوائز شامل ہیں اور کل پاس ہونے والے طلبہ کی کامیابی کا تناسب 64 فیصدہے۔کراچی بورڈ سے انٹر کا امتحان دینے والے 6218 طالبعلم امتحان میں شریک ہوئے تھے جس میں 4804 طلبہ نے ٹیسٹ پاس کیا اور اس طرح کراچی بورڈ سے ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ کا تناسب 77 فیصد ہے۔


حیدر آباد تعلیمی بورڈ سے انٹر کرنے والے 1031 طلبہ ٹیسٹ میں شریک ہوئے جس میں سے صرف 376 طلبہ یہ ٹیسٹ پاس کرسکے اور ان کی کامیابی کا تناسب 36 فیصد ہے۔ میرپورخاص بورڈ سے انٹر کرنے والے 738 طلبہ ٹیسٹ میں شریک ہوئے اور 274 نے ٹیسٹ پاس کیا،اس بورڈ سے 37 فیصد طلبہ ٹیسٹ پاس کرسکے۔

سکھر بورڈ سے انٹر کرنے والے 609 طلبہ ٹیسٹ میں شریک ہوئے اور 211 نے ٹیسٹ پاس کیا،اس طرح کل 34 فیصد طلبہ ٹیسٹ پاس کرسکے۔لاڑکانہ تعلیمی بورڈ سے انٹر کرنے والے 834 طلبہ ٹیسٹ میں شریک ہوئے اور 268 طلبہ یہ ٹیسٹ پاس کرسکے،لاڑکا نہ بورڈ کی کامیابی کا تناسب 32 فیصدہے۔

اس کے برعکس فیڈرل تعلیمی بورڈ سے 217 طلبہ این ای ڈی کے ٹیسٹ میں شریک ہوئے اور 151 طلبہ نے ٹیسٹ پاس کیا،اس طرح فیڈرل بورڈ کے 70 فیصد طلبہ نے ٹیسٹ پاس کرلیا۔ آغاخان بورڈ سے 130 میں سے 109 طلبہ نے ٹیسٹ پاس کرلیااور آغاخان بورڈ کے 84 فیصد طلبہ نے ٹیسٹ پاس کرلیا۔

اے لیول کرنے والے کیمبرج بورڈ کے 526 طلبہ این ای ڈی کے ٹیسٹ میں شریک ہوئے تھے ،جس میں سے 443 طلبہ ٹیسٹ پاس کرنے میں کامیاب رہے اور اس طرح اس غیر ملکی تعلیمی بورڈ سے انٹر کے مساوی اے لیول کرنے والے 84 فیصد طلبہ این ای ڈی کا داخلہ ٹیسٹ پاس کرنے میں کامیاب رہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد کے مطابق ٹیسٹ میں کامیاب طلبہ کے انٹرویوز 23 ستمبر سے شروع ہوں گے جبکہ اس سال پہلی مرتبہ این ای ڈی یونیورسٹی تھر میں کھولے جانے والے کیمپس میں کمپیوٹر سائنس کی فیکلٹی کے لئے بھی طلبہ کو داخلے کی پیشکش کرے گی۔
Load Next Story